ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی،وسطی پنجاب میں 2 شوگر ملزسیل
چینی کیلئے وضع کردہ لازمی نگرانی، کنٹرول اور تعمیلی نظام کی خلاف ورزی ہوئی عدم تعمیل میں ملوث ٹیکس دہندگان کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کرینگے :ایف بی آر
اسلام آباد(اے پی پی)حکومت کی جانب سے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالہ سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے وسطی پنجاب میں قائم دو شوگر ملوں کو سنگین قانونی خلاف ورزیوں پر سیل کر دیا۔
ایف بی آر کے بیان کے مطابق یہ کارروائی سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 40C، باب XIV-B اور باب XIV-BA کے تحت، نیز سیلز ٹیکس رولز 2006 کے رول 150ZQZE کی خلاف ورزیوں پر عمل میں لائی گئی جن کے تحت چینی شعبہ کے لیے لازمی نگرانی، کنٹرول اور تعمیلی نظام وضع کیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایف بی آر خاص طور پر ہائی رسک شعبوں میں سیلز ٹیکس قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے اور مسلسل عدم تعمیل میں ملوث ٹیکس دہندگان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ایف بی آر نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ تمام نفاذی اقدامات قانون کے عین مطابق، مکمل شفافیت اور مقررہ قانونی طریقہ کار کے تحت کیے جا رہے ہیں۔