چھوٹے کاروبار کو پوائنٹ آف سیل کے نفاذ میں ریلیف دینگے : چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جو تاجر پوائنٹ آف سیل کا سسٹم لگانے کے متحمل نہیں ہوسکتے انہیں ریلیف دیا جائے گا اور کسی تاجر کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
پیر کو صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چودھری کی قیادت میں وفد نے چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کی۔کاشف چودھری نے کہا ہمارے تحفظات کے باوجود ملکی و غیر ملکی برانڈز، چین سٹورز پر پوائنٹ آف سیل کے نفاذ کا عمل شروع کیا گیا، ان اداروں کے پاس کمپیوٹرائزڈ نظام، متبادل بجلی، تربیت یافتہ عملہ اور انتظامی ڈھانچہ موجودہے اس لیے ان کے لیے کسی حد تک اس نظام کو اپنانا ممکن ہے تاہم ان میں شامل نسبتاً چھوٹے کاروبار آج بھی عملی مشکلات سے دوچار ہیں۔