5بڑوں کے مل بیٹھنے تک بریک تھرو نہیں ہوگا : رانا ثنااللہ

5بڑوں کے مل بیٹھنے تک بریک تھرو نہیں ہوگا : رانا ثنااللہ

نواز،شہباز ، زرداری،عمران ،ایک اور شخصیت 5بڑوں میں شامل ا ن کی ملاقات سے جھگڑا ختم ہوگا،بانی سے ملاقات کرائی جائے :عامر ڈوگر

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما، سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ ملک کے 5 بڑے ہیں ان کے درمیان اعتماد بڑھانے کیلئے رابطہ ہوا تو صورتحال بہتر سمت میں آگے بڑھ سکتی ہے، پانچ بڑوں کو اعتماد سازی کیلئے مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما اور چیف وہپ عامرڈوگر کا کہناتھاکہ پانچ بڑوں کی ملاقات ہوجائے تو پھر تو جھگڑا ہی ختم ہو جائے ، ہو سکتا ہے کہ آج نہیں تو کل ایسا ہوجائے ، سیاست میں دروازے کھلے رکھنے چاہئیں۔

رانا ثنااللہ نے ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ملک کے 5بڑوں میں نوازشریف، شہبازشریف،آصف زرداری، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ایک اور شخصیت ہیں، جب تک ان 5 شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کیلئے اقدامات نہیں ہوں گے تو بریک تھرو نہیں ہوگا، میرے اور عامر ڈوگر کے رابطوں سے بریک تھرو نہیں ہوگا۔ان 5بڑوں کے درمیان اعتماد بڑھانے کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں، اگر یہ رابطہ ہوا تو صورت حال بہتر سمت میں آگے بڑھ سکتی ہے ،اس تجویز پر پیپلزپارٹی بھی ہمارے ساتھ ہے۔ وزیراعظم کے مشیر کاکہناتھاکہ جن سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اداروں کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے ان کو بند کیا جانا چاہئے، پی ٹی آئی قیادت یہ کہہ کر جان نہیں چھڑاسکتی کہ ان اکاؤنٹس پر ان کا کوئی کنٹرول اور تعلق نہیں، اگران اکاؤنٹس سے صرف پروپیگنڈا ہی کرنا ہے تو مخالف سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کے خلاف کریں۔

پی ٹی آئی اداروں کی قیادت کی کردار کشی بندکرے ، تبھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا راستہ نکل سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 8 فروری کی اپیل ناکام ہوگی، پی ٹی آئی پہیہ جام نہیں کرپائے گی اور اس کے مزید نقصانات ہوں گے ۔ 8 فروری کو پہیہ جام کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کو ایسا دھرلیا جائے گا کہ یہ پھر گلہ کریں گے ، پی ٹی آئی احتجاج کی کال کو واپس لے ۔رانا ثنااللہ نے کہا جس طرح 2025 میں اچھی خبریں آئیں، امید ہے 2026 مزید معاشی استحکام کا سال ہوگا۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہاکہ سیاست کو سیاسی مخالفین تک رکھنا چاہئے ، ریاستی اداروں کے خلاف کردار کشی کی مہم بند ہونی چاہئے ۔ اعتماد سازی کیلئے بانی سے ہمارے اتحادی ایم ڈبلیو ایم کے راجہ ناصر عباس اور تحفظ آئین پاکستان کے محمود خان اچکزئی کی ملاقات کروائی جائے ،رانا ثنااللہ آگے بڑھیں اور ایسا ماحول پیدا کریں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے اور ان سے زمینی حقائق پر بات اور مشاورت کرنے دیں۔ عامر ڈوگر نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دے ، اس پیشکش پرخدا کرے کوئی راستہ نکل آئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں