اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم، فائیو سٹار ہوٹل و دیگر منصوبے شروع کرنیکا فیصلہ
10روز میں سٹیڈیم اور کشمیر چوک پر سمارٹ انڈر پاس کا حتمی ڈیزائن،خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات طلب نیشنل پارک کیلئے مخصوص ایریا مختص اوراسلام آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا :وزیر داخلہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم ،سمارٹ انڈر پاس، فائیو سٹار ہوٹل ودیگر پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس ہوا ،چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بریفنگ دی۔ اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم بنے گا جس کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی نے 10 روز میں سٹیڈیم کا حتمی ڈیزائن طلب کر لیا۔
نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنے اور اسلام آباد میں جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔جبکہ کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے ‘‘سمارٹ انڈر پاس’’ کی تعمیر کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے 10 روز میں سمارٹ انڈر پاس کا حتمی ڈیزائن طلب کر لیا۔ اسلام آباد میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں عرصہ دراز سے خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیڈ کوارٹر کے لیے بھی اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا، واگزار کرائی اراضی کا مفاد عامہ کے لیے بہترین استعمال کیا جائے گا۔وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔