وفاقی ہسپتالوں میں پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کیلئے قواعد میں ترمیم

وفاقی ہسپتالوں میں پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کیلئے قواعد میں ترمیم

پرنسپل ٹیکنیشن گریڈ 17میں 80فیصد محکمانہ ترقی، 20فیصد پر براہِ راست بھرتی براہِ راست بھرتی کیلئے امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 30 سال مقرر ،ایس آر او جاری

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی وزارتِ قومی صحت نے وفاق کے ماتحت ہسپتالوں اور محکموں کے پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی اور ترقی کے قواعد میں ترمیم کر دی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی منظوری کے بعد گریڈ 14 سے 17 تک کی بھرتی اور ترقی کے قواعد میں تبدیلی کا ایس آر او جاری کر دیا گیا ۔ایس آر او کے مطابق وفاق کے ماتحت ہسپتالوں اور محکموں میں پرنسپل ٹیکنیشن گریڈ 17 کی خالی اسامیوں میں سے 80 فیصد پر محکمانہ ترقی کے ذریعے جبکہ 20 فیصد پر براہِ راست فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کی جائے گی۔

چیف ٹیکنیشن گریڈ 16 کی تمام خالی اسامیوں پر سو فیصد محکمانہ ملازمین کو ترقی کے ذریعے تعینات کیا جائے گا۔ایس آر او کے مطابق پرنسپل ٹیکنیشن گریڈ 17 کی اسامی کے لئے تعلیمی قابلیت کم از کم سیکنڈ کلاس یا گریڈ سی ماسٹر ڈگری یا متعلقہ شعبے میں بیچلر ڈگری ہونا لازم ہے ۔ براہِ راست بھرتی کے لئے امیدوار کی زیادہ سے زیادہ عمر 30 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ محکمانہ ترقی کے لیے کم از کم 20 سال سروس ضروری ہو گی۔چیف ٹیکنیشن گریڈ 16 کی اسامی پر ترقی کے لئے گریڈ 14 کے سینئر ٹیکنیشن کے لئے تعلیمی قابلیت ایس ایس سی کے ساتھ متعلقہ شعبے میں ایک سالہ سرٹیفکیٹ اور 20 سال سروس، یا متعلقہ شعبے میں ڈپلومہ سرٹیفکیٹ اور ایف ایس سی کے ساتھ 15 سال تجربہ ہونا لازم قرار دیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں