نومبراحتجاج کیس:علیمہ خان کی بریت ،اکائونٹس بحالی درخواستوں پرآج بحث ہوگی

نومبراحتجاج کیس:علیمہ خان  کی بریت ،اکائونٹس بحالی  درخواستوں پرآج بحث  ہوگی

راولپنڈی(احمد بھٹی)نومبر احتجاج کے سب سے اہم تھانہ صادق آباد کے مقدمہ کی سماعت آج جج انسداد دہشتگری عدالت امجد علی شاہ کے روبرو ہو گی، علیمہ خان کی بریت اوراکائونٹس بحالی کی درخواستوں پر بحث ہو گی۔

پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ مقدمہ کے اہم ترین دو گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے پیش کریں گے جبکہ وکلا صفائی کی جانب سے پہلے پانچ گواہوں پر جرح کے لئے بھی سماعت مقرر ہے ،مقدمہ میں اب تک 16 گواہوں کے بیان ریکارڈ ہو چکے ہیں،مقدمہ میں دس ملزمان ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ 12 ملزمان اعتراف جرم کرکے سزا مکمل کر چکے ہیں ۔ آج گواہی کے لئے اہم ترین گواہان مقدمہ کے سابقہ اور موجودہ تفتیشی آفیسر ہیں ۔ان کے بیان مکمل ہونے پر استغاثہ کی جانب سے کیس مکمل ہو جائے گا۔

ادھر  بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کسی پارٹی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ جیل انتظامیہ کو بھجوائی گئی چھ ناموں کی فہرست میں شامل صرف تین لوگ اڈیالہ پہنچے جبکہ تین نے آنا بھی گوارہ نہ کیا۔ عثمان بٹانی نے اڈیالہ جیل کے باہرسے جاری ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ مجھے گورکھ پور ناکہ پر دن کو روک لیا گیا اور پانچ بجے اس طرف آنے کی اجازت دی گئی ۔ڈاکٹر امجد، صبغت اللہ اور شعیب امیر اڈیالہ نہ پہنچے ۔رکن قومی اسمبلی جمال احسن خان نے ایم پی اے اقبال خٹک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کی ہدایت کے مطابق علامہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی اگلا لائحہ عمل دیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں