سوشل میڈیا پر بے معنی یلغار چھوڑ کر ملک کا سوچیں:اعظم تارڑ

سوشل میڈیا پر بے معنی یلغار چھوڑ کر ملک کا سوچیں:اعظم تارڑ

لیپ ٹاپ سکیم پر تنقید بہت ہوئی تاہم کورونا میں طلبہ نے اس سے فائدہ اٹھایا پنجاب یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب، 3140طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے

لاہور(خبر نگار)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ نوجوان طلبہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی اثاثہ ہیں، سوشل میڈیا پر ہونے والی بے معنی یلغار اور نفرت کو چھوڑ کر پاکستان کا سوچیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی میں وزیرِاعظم لیپ ٹاپ تقسیم سکیم فیز۔فورکی  تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اعظم تارڑ نے کہا کہ مہارت پر مبنی اور ضرورت کے مطابق تعلیم کو فروغ دینے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ آپ کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ صرف ایک ٹول نہیں بلکہ کامیابی کی کنجی ہے ۔ جدید دور میں بھی کئی بچے ایسے ہیں جن کے پاس وسائل نہیں مگر حکومت کوشش کررہی ہے کہ کوئی باصلاحیت طالبعلم ان گیجٹس سے محروم نہ رہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ نوجوانوں کیلئے جو سکیم شروع کی تھی اس کی روشنی آج پورے پاکستان میں پھیل رہی ہے ۔ اس سکیم پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور تنقید بھی بہت ہوئی مگر کورونا کے دور میں کئی طلبہ نے لیپ ٹاپ کا درست استعمال کرکے فائدہ اٹھایا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا اعظم نذیر تارڑ سمیت جوڈیشری میں 80 فیصد افراد کا تعلق پنجاب یونیورسٹی سے ہے ،انہوں نے وزیر اعظم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا اس سکیم کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے 3140ہونہار طلباوطالبات کو لیپ ٹاپ ملیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں