برزل پاس سے برف ہٹانے کا آپریشن، تودہ گرنے سے کیپٹن سمیت 3 افراد شہید

برزل پاس سے برف ہٹانے کا آپریشن، تودہ گرنے سے کیپٹن سمیت 3 افراد شہید

آپریشن کی قیادت کیپٹن اصمد کر رہے تھے ، 3 جنوری کو رات 2 بجے برفانی تودہ تینوں پر آن گرا :ترجمان فوج کیپٹن اصمد لاہور ، سپاہی رضوان اٹک ،مشین آپریٹر عیسیٰ استورکا رہائشی تھا،وزیراعظم،وزیر داخلہ کی تعزیت

راولپنڈی ،گلگت،اسلام آباد،لاہور (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی )گلگت بلتستان کے برزل پاس سے پاک فوج کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کے آپریشن کے دوران برف کا تودہ گرنے سے کیپٹن اور سپاہی سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق برزل پاس سے برف ہٹانے کیلئے بھاری مشینری سے جاری آپریشن کی قیادت کیپٹن اصمد کر رہے تھے کہ 3 جنوری 2026 کو رات 2 بجے ان پر برفانی تودہ آن گرا اور کیپٹن اصمد، 2 فوجی جوان اور پی ڈبلیو ڈی کا ایک سول مشین آپریٹر برف تلے دب گئے، انتھک کوششوں کے بعد چاروں افراد کو برفانی تودے سے نکال لیا گیا تاہم کیپٹن اصمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ جام شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 28سالہ کیپٹن اصمدکا تعلق لاہور ، سپاہی رضوان کا اٹک اورشہید مشین آپریٹر عیسیٰ کا تعلق استور سے تھا،جان کا نذرانہ دینے والوں کی قربانی اور فرض شناسی پاک فوج کے عزم کی روشن مثال ہے ، پاک افواج کے تمام رینکس وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے پُرعزم ہیں ،پاک فوج کے جوان اپنے فرض اور مقصد کی تکمیل کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہدائکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے برفباری سے متاثر برزل پاس کھولنے کا کام جاری رکھا اور آمدورفت یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ،قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے ۔ محسن نقوی نے کہا کہ فرائض کی بجا آوری کے دوران کیپٹن اصمد،سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ نے شہادت کا بلند رتبہ پایا اورقربانی کی لازوال مثال قائم کی،شہدا ء قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں