ایک دوسرے کو بچاتے کرنٹ سے جاں بحق 3 بھائی سپردِ خاک
ساجد مسیح کو کرنٹ لگا، 29 سالہ عابد اور 38 سالہ آصف بھی لپیٹ میں آ گئے علاقہ بھر میں کہرام، ہر آنکھ اشکبار، وزیراعلیٰ مریم نواز کی تعزیت، رپورٹ طلب
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا کے نواحی علاقے 78 شمالی کی طالب کالونی میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے تین بھائیوں کو سپردِ خاک کر دیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ریسکیو حکام کے مطابق 25 سالہ ساجد مسیح چھت پر کام کر رہا تھا کہ قریب سے گزرنے والی بجلی کی تاروں سے اسے کرنٹ لگ گیا۔ اسے بچانے کے لیے 29 سالہ بھائی عابد آگے بڑھا تو وہ بھی کرنٹ کی لپیٹ میں آ گیا۔سب سے بڑے بھائی 38 سالہ آصف نے دونوں کو بچانے کی کوشش کی تو اسے بھی بجلی کا شدید جھٹکا لگا۔ تینوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔واقعے کے بعد متوفیان کے گھر اور پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم اور تھانہ فیکٹری ایریا پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد تینوں نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔بعد ازاں تینوں بھائیوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کی اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔