روبوٹ کیلئے مصنوعی جلد تیار، درد محسوس کرسکے گا
بیجنگ(نیٹ نیوز)چین میں سائنس دانوں نے روبوٹ کے لیے مصنوعی جلد (الیکٹرانک سکن) تیار کی ہے جس سے روبوٹس نہ صرف لمس محسوس کرسکیں گے بلکہ درد محسوس کرنے کے بھی قابل ہوں گے۔
ہانگ کانگ کی سٹی یونیورسٹی کے انجینئر یو یو گاؤ کی قیادت میں سائنس دانوں نے جلد تیار کی ہے جو ’نیورو مورفک‘ ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر روبوٹ کسی نوکیلی یا گرم چیز کو چھوئے تو وہ انسان کی طرح فوری طور پر ردعمل دے گا اور فوراً اپنا ہاتھ جھٹک دے گا۔چین کے سائنس دانوں کی تیار کردہ مصنوعی جلد چار فعال تہوں پر مشتمل ہے اور سائنسدانوں کے مطابق جب کوئی اس جلد کو چھوتا ہے تو یہ لمس کو برقی سگنلز میں تبدیل کر دیتی ہے ، یہ سگنلز بالکل اسی طرح ہوتے ہیں جیسے ہمارے اعصاب دماغ کو پیغامات بھیجتے ہیں۔