جواء پروموشن کیس:ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزم فرد جرم کیلئے طلب
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور کی مقامی عدالت نے آن لائن جوئے کی پروموشن کے مقدمے میں یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزموں کو 16 جنوری کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے مقدمے کی سماعت کی، یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی ،اس کی اہلیہ عروب جتوئی سمیت دیگر ملزم عدالت پیش ہوئے ۔ عدالت نے یوٹیوبر سے استفسار کیا کہ آپ کا بغیر اجازت کے اپنے یوٹیوب چینل پر وی لاگ کرنا غیر قانونی ہے ، اجازت کیلئے عدالت میں درخواست دائر کرنی چاہیے تھی۔ ڈکی بھائی کی وکیل بیرسٹر امرت نے کہا کہ ہم تو اپنے چینل پر وی لاگ کر ہی نہیں رہے ، جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوئیں وہ ایڈیٹر اکاؤنٹ سے ہوئیں ۔ عدالت نے کہا کہ ڈکی بھائی کا یوٹیوب چینل مال مقدمہ ہے ۔ عدالت نے ملزموں کو 16 جنوری کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔این سی سی آئی اے نے ملزموں کے خلاف آن لائن جوئے کی پروموشن کے مقدمے کا چالان پیش کر رکھا ہے۔