ایئرپورٹ خودکش حملہ ٹیرر فنانسنگ کیس، ملزموں پر فرد جرم عائد
ملزموں کا صحت جرم سے انکار ، اے ٹی سی نے استغاثہ کے گواہان کو طلب کر لیا
کراچی (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایئرپورٹ خودکش حملہ ٹیرر فنانسنگ کیس میں ملزموں پر فرد جرم عائد کردی، ملزموں کے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا۔ سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی عدالت میں ایئرپورٹ خودکش حملہ ٹیرر فنانسنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے ملزم سعید کو عدالت میں پیش کیا جبکہ ضمانت پر رہا شریک ملزم نجی بینک کا منیجر بلال بھی وکلا کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوا۔
عدالت نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے ملزموں کو الزامات پڑھ کر سنائے ، تاہم ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے گواہوں کو نوٹس جاری کردیئے جبکہ مفرور ملزموں کالعدم دہشت گرد تنظیم کے کمانڈر بشیر زیب اور کیپٹن گل رحمن کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دئیے ۔ استغاثہ کے مطابق ملزموں کے خلاف دہشت گردی میں مالی معاونت کا الزام ہے اور انہوں نے خودکش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی خریداری میں سہولت کاری کی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔