بغیر پیشگی اطلاع بینکوں کے رقوم روکنے پرتاجروں کوتشویش
دستاویزات پوری ہونے کے باوجود رقوم روکنے کی شکایات ملیں، سلیم میمن اس عمل سے کاروباری سرگرمیاں متاثر، تاجر غیر یقینی صورتحال میں آتے ، بیان
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن نے بینکوں کی طرف سے تاجروں اور کاروباری افراد کے اکاؤنٹس میں موجود جائز اور قانونی کاروباری رقوم کو بغیر پیشگی تحریری اطلاع، واضح وجوہ اور غیر معینہ مدت کے روکنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں سلیم میمن نے کہا کہ چیمبر کو حالیہ عرصے کے دوران متعدد تاجروں، بروکرز اور چھوٹے صنعت کاروں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ بینک لین دین مکمل ہونے اور تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کروانے کے باوجود رقوم کو غیر معینہ مدت تک ہولڈ پر رکھا جا رہا ہے ، اس عمل سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، بلکہ تاجروں کو شدید مالی دباؤ اور غیر یقینی صورت حال کا سامنا بھی ہے ، صدر چیمبرنے واضح کیا کہ چیمبر اسٹیٹ بینک کے قوانین، AML/CTF ضوابط اور بینکوں کے حقِ جانچ و پڑتال کی مکمل حمایت کرتا ہے ، کیونکہ شفاف اور محفوظ بینکاری نظام قومی معیشت کے لیے ناگزیر ہے ۔
تاہم انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جائز کاروباری لین دین کی رقوم کو مہینوں تک بغیر تحریری وضاحت، ضابطہ جاتی حوالہ اور واضح ٹائم لائن کے روکنا کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں، سلیم میمن نے کہا کہ ایسے غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے باعث تاجروں کا کیش فلو بری طرح متاثر ہوتا ہے ، کاروباری وعدے پورے نہیں ہو پاتے ، مارکیٹ میں اعتماد مجروح ہوتا ہے اور خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شدید مالی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں، جو پہلے ہی مہنگائی اور معاشی دبا کا سامنا کر رہے ہیں۔