لاہور ہائیکورٹ بار: 4700 وکلاء نادہندہ، انتخابی عمل سے باہر
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے 4ہزار700 سے زائد وکلاء 2 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہے، جس کے باعث انہیں آئندہ ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نادہندہ وکلاء میں خواتین بھی شامل ہیں جبکہ بار کے قواعد و ضوابط کے مطابق سالانہ ایک ہزار روپے فیس ادا نہ کرنے والے وکلاء حقِ رائے دہی استعمال نہیں کر سکیں گے ۔ بار انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال 2025 ئکے دوران 757 وکلاء نے اپنے ذمہ واجب الادا رقوم جمع کروائیں، جس کے بعد انہیں اہل ووٹرز کی فہرست میں شامل کیا گیا تاہم اب بھی ہزاروں وکلاء پر واجبات باقی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ہائیکورٹ بار کے لائف ممبرز کی تعداد 41 ہزار سے زائد ہو چکی ، تاہم واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث بڑی تعداد انتخابی عمل سے باہر ہو گئی ہے ۔