تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کیلئے آئی جی سے رپورٹ طلب

 تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کیلئے آئی جی سے رپورٹ طلب

پیرا،ANFاوردیگراداروں کے اجلاس میں مضبوط فریم ورک بنانے پر اتفاق کیاگیا منشیات سے متعلق جلدمعلومات فراہمی بارے ہفتہ وار ، ماہانہ اجلاس بلائینگے :لاء افسر

 اسلام آباد(رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیا ت کے مبینہ استعمال کی روک تھام کے کیس میں آئی جی اسلام آباد سے آئندہ سماعت پر عدالتی حکم پر عملدرآمدکی مفصل رپورٹ طلب کرلی،جسٹس انعام امین منہاس نے 2صفحات پر مشتمل سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جس میں کہاگیا کہ کیس کی سماعت کے دوران وفاقی پولیس کی جانب سے لاء افسر طاہر کاظم عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایاکہ آئی جی پولیس نے مربوط پالیسی مرتب کرنے کیلئے پیرا، اے این ایف اور دیگر اداروں کی مشترکہ میٹنگ بلائی تھی۔

مشترکہ میٹنگ میں سٹیک ہولڈر نے آگاہی مہم، انٹیلی جنس رپورٹس کی مدد سے ایک مضبوط فریم ورک بنانے پر اتفاق کیا،منشیات سے متعلق معلومات کی جلد فراہمی سے متعلق اقدامات کیلئے ہفتہ وار اور ماہانہ اجلاس بلائے جائیں گے ، حکمنامہ میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں پیمرا کی جانب سے رپورٹ عدالت پیش کی گئی،عدالت نے الیکٹرانک میڈیا پر آگاہی مہم کے لیے پیمرا کا ذمہ دارافسرآئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرتے ہوئے کہاکہ پیمرا ایک ذمہ دار افسر مقرر کرے جونئی جامع رپورٹ کے ساتھ آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہو،عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور عملدر آمد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی،کیس کی آئندہ سماعت27 جنوری کو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں