بھارت میں جعلی ڈگریوں پر امریکی ویزوں کا بڑا سکینڈل بے نقاب

بھارت میں جعلی ڈگریوں پر امریکی  ویزوں کا بڑا سکینڈل بے نقاب

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)نام نہاد شائننگ انڈیا میں جعلی ڈگریوں اور رشوت کے ذریعے امریکی H-1B ویزوں کی فروخت کا مکروہ کاروبار بے نقاب ہو گیا ہے ، جبکہ بھارت عالمی سطح پر دہشتگردی، انسانی جرائم، دھوکہ دہی اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی قونصل خانوں میں جعلی تعلیمی اسناد رکھنے والے افراد کو امریکی H-1B ویزے جاری کیے جانے کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔ مودی حکومت کے دور میں امریکا میں ملازمت کے نام پر جعلی ڈگریوں کا ایک منظم مافیا پورے بھارت میں سرگرم ہے ۔بھارتی جریدے کی رپورٹ کے مطابق کیرالا پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 100 کروڑ روپے سے زائد کے جعلی ڈگری سکینڈل میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق یہ نیٹ ورک اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو جعلی ڈگریاں فراہم کر چکا ہے ۔کیرالا میں کارروائی کے دوران 22 یونیورسٹیوں کے ایک لاکھ سے زائد جعلی سرٹیفکیٹس برآمد کئے گئے۔ چھاپے کے وقت مرکزی ملزم دھنیش عرف ڈینی اپنے گھر میں جعلی ڈگریوں کی پرنٹنگ میں مصروف تھا۔

پولیس نے 28 یونیورسٹیوں کی جعلی مہریں اور مارک شیٹس بھی قبضے میں لے لیں۔رپورٹ کے مطابق اسی نوعیت کے منظم نیٹ ورکس تامل ناڈو، کرناٹک، مہاراشٹر، گوا اور دہلی سمیت دیگر ریاستوں میں بھی سرگرم ہیں۔ تامل ناڈو سے بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر جعلی ڈگریاں فراہم کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے ۔امریکی سینٹر فار امیگریشن اسٹڈیز (CIS) کی ڈائریکٹر جیسیکا وان نے بھارت میں H-1B ویزا کے اجرا کے عمل کو بڑا فراڈ قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ امریکا بھیجنے کے لئے بھارت میں 36 ہزار سے زائد جعلی ڈگریاں فروخت کی گئیں۔ڈائریکٹر CIS کے مطابق بھارت میں یومیہ 200 سے زائد H-1B ویزے جاری کیے جاتے ہیں، جن میں سے 80 سے 90 فیصد جعلی دستاویزات پر مبنی ہوتے ہیں ،بھارت میں تعینات امریکی سفارت کار مہوش صدیقی بھی H-1B ویزا فراڈ کا براہِ راست مشاہدہ کر چکی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق جعلی ڈگری کی قیمت 1,400 ڈالر تک رکھی گئی ہے جبکہ اب تک 36,025 جعلی ڈگریاں فروخت ہو چکی ہیں ،ان تمام انکشافات سے واضح ہو گیا ہے کہ بھارتی H-1B ویزا نظام جھوٹ، دھوکہ دہی اور منظم جرائم پر مبنی ہے ، جبکہ مودی سرکار کا شائننگ انڈیا کا دعویٰ عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں