عازمینِ حج کی تربیتی نشست، مناسکِ حج، سعودی قوانین پر بریفنگ
ہر حاجی کو بیگ، ہینڈ کیری، سعودی سم، خواتین کو پاکستانی پرچم والا سکارف دیا جائیگا سعودی عرب میں منشیات کی سزا موت، نسوار، پان، سگریٹ پر بھی پابندی:وزارت
اسلام آباد (اے پی پی) وزارتِ مذہبی امور کے زیرِ اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمینِ حج کے لیے تربیتی نشست ہوئی ، ماسٹر ٹرینرز نے مناسکِ حج، جدید ٹیکنالوجی اور سعودی قوانین پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عمر بٹ نے بتایا ہر حاجی کو 25 کلو کا بیگ، 7 کلو ہینڈ کیری، سعودی سم اور خواتین کو پاکستانی پرچم والے سکارف دیا جائے گا۔ عازمین پاک حج ایپ کے ذریعے معلومات حاصل کر سکیں گے ، "روڈ ٹو مکہ" پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر ہی امیگریشن مکمل کی جائے گی۔ حج آپریشن کا آغاز 17 اپریل سے ہوگا۔ عازمین حج کو ہدایت کی گئی کہ وہ روزانہ 2 سے 3 کلومیٹر واک کریں اور ادویات حاجی کیمپ سے سیل کروا کر رکھیں۔ وزارت نے سخت انتباہ جاری کیا کہ سعودی عرب میں منشیات کی سزا موت ہے ، نسوار، پان اور سگریٹ پر بھی پابندی ہے ۔