حکمرانوں کو اقتدار پسند، عوام کی تکلیف کا خیال نہیں،شاہد خاقان
دڑو، سجاول (نمائندہ دنیا، خبر ایجنسی)عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمرانوں اور نااہل سیاسی قیادت کی ناکام و غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت دم توڑ چکی ہے۔
سندھ، پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان کے حالات خراب ہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو جو اختیارات اور وسائل دیئے گئے ان پر لوٹ مار کی جا رہی ہے ۔ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومتوں کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے عوام صحت، تعلیم و دیگر تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، سندھ کی سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں، سندھ حکومت عوام کو بہتر گڈ گورننس فراہم نہیں کر سکی، سندھ کے حکمرانوں کی نیت اور ارادے ٹھیک نہیں۔ انہوں نے کہا ملک میں جلد تبدیلی آنے والی ہے اور اس کے بدلے میں اقتدار عوام کے حقیقی نمائندوں کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو اقتدار زیادہ پسند ہے ، انہیں عوام کی تکلیف کا کوئی خیال نہیں،ان کا ملک کے معاملات سے بھی کوئی تعلق نہیں، وہ اپنے معاملات تو بہتر کر سکتے ہیں لیکن ملک کے معاملات بہتر نہیں کر سکتے۔