امریکا نے وینزویلا میں رجیم چینج کیلئے سارا ڈرامہ رچایا
اندرونی مدد سے صدر نکولس کو باآسانی اٹھالیا،چین کو بھی میسج دیا ایران میں بھی تبدیلی کیلئے کوشاں :آج کی بات سیٹھی کیساتھ میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ امریکا اور وینزویلا کے تنازع کے حوالے سے میں نے یہ بات پہلے کہی تھی کہ یہ فل فلیج وار نہیں ہوگی ، رجیم چینج کی تیار ی ہے ،یہ بالکل ویسے ہی ہوا کہ رجیم چینج ہوگئی، فل فلیج وار نہیں۔امریکا نے وینزویلا میں مبینہ طورپر اندرونی مدد سے صدر نکولس مادورو کو باآسانی کڈنیپ کیا ،وہ امریکی حمایت یافتہ اپوزیشن کی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے ،یہ سارا ڈرامہ رچایا گیا۔دنیا نیوز کے پروگرام آج کی بات سیٹھی کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار نے مزید کہا امریکا وہاں کی اپوزیشن، فوج سے مذاکرات کررہا تھا کہ ہمارے ساتھ ڈیل کرو،صدر کو ہمارے حوالے کرو ،الیکشن کراکے اپوزیشن کے بندے لے آئیں گے ، امریکا وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا کو صدر بنانا چاہتا تھا، صدر نکولس مادورو کو نکالنا تھا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ امریکا کا یہ پرانا ایجنڈا تھا کہ نکولس مادورو کوہٹانا ہے ،آپریشن سے پہلے نکولس مادورو چینی نمائندہ خصوصی سے ملے تھے ،اندازہ یہی ہے کہ چینی انٹیلی جنس نے بتایا ہوگا کہ امریکا کا یہ پلان ہے ،تم محتاط رہو ،امریکا نے اس آپریشن سے چین کو بھی میسج دے دیا ،کچھ ممالک نے یواین اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے ، بات یہ ہے کہ اجلاس ہوبھی جائے اس سے امریکا کو فرق نہیں پڑے گا کیونکہ امریکا یواین کو مانتا ہی نہیں ۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ مبصرین کہہ رہے ہیں ابھی تو امریکا آپریشن کرکے کامیاب لگ رہا ہے ، وقت گزرنے کے ساتھ یہاں بھی فیل ہوجائے گا جس طرح امریکا عراق، افغانستان میں قبضہ کرنے ،وہاں حکومت چلانے میں ناکام رہا، اسی طرح وینزویلا میں بھی اپنی من حکومت نہیں چلا پائے گا ۔
نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ امریکا کی وینزویلا کے اندر جو پلے بک تھی وہی پلے بک ایران کے اندر ہے ،فرق یہ ہے ایران کے اندر پلے بک تھوڑی سی سخت ہے ،امریکا نے سب سے پہلے ایران پر پابندیاں لگائیں ،امریکا کی کوشش ہے ایران میں رجیم چینج ہوجائے ، اس کیلئے امریکا نے پہلے حملے بھی کئے ،امریکا کا خیال تھا کہ لوگ رجیم چینج کے ساتھ کھڑے ہوجائیں گے ،مگر لوگ کھڑے نہیں ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ جب تھریٹ ختم ہوا توجولوگ موجودہ حکومت کے خلاف تھے وہ اب کھڑے ہوگئے ، اب سولہ سترہ شہروں کے اندر احتجاج ہورہا ہے ،امریکا نے پہلے بھی کوشش کی تھی ایرانی سپریم لیڈر کو پکڑلیاجائے مگرامریکا ایسا نہ کرسکا ،امریکا نے ونیزویلا میں رجیم چینج کے ذریعے ایران کو پیغام دیا ہے کہ وہ یہ فارمولا استعمال کرسکتا ہے ۔