شہر کی ابتر حالت، ایم کیو ایم نے ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘ کا اعلان کر دیا
تعمیر و ترقی سے ہی ملک کا مستقبل جڑا،ایک بار پھر وہ حیثیت دینا ہوگی جس کا یہ حق دار اگلا معرکہ ’’معرکہ معیشت‘‘ ،فاروق ستار، حیدر عباس و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد کی ابتر حالت کے پیش نظر ایم کیو ایم پاکستان نے ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘کا اعلان کردیا۔ بہادرآباد مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ رہنماؤں نے کراچی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، سید امین الحق اور دیگر رہنما شریک تھے ۔ پریس کانفرنس میں شہر کے بنیادی مسائل، معیشت میں کردار اور مستقبل کی حکمت عملی پر مؤقف پیش کیا گیا۔فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو ایک بار پھر وہ حیثیت دینا ہوگی جس کا یہ شہر حق دار ہے ، کراچی سے 65 فیصد قومی اور 95 فیصد صوبائی ریونیو جاتا ہے ، جبکہ ملک کی 50 فیصد سے زائد ایکسپورٹ بھی اسی شہر کی مرہون منت ہے ، اس کے باوجود شہر بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آج رسمی طور پر کراچی بچاؤ مہم کا آغاز کررہے ہیں، کراچی کا انفرااسٹرکچر انتہائی بری صورتحال میں ہے ، جبکہ نکاسی آب، صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی خستہ حالی شہر کے بنیادی مسائل بن چکے ہیں جن پر فوری توجہ ضروری ہے ۔فاروق ستار نے کہا 2025 میں ایک تاریخی معرکہ سر کیا گیا اور 6 مئی سے 10 مئی 2025 کا عرصہ ملکی تاریخ اور فتوحات کا ایک اہم سنگ میل ہے ، اس دوران ملک کے عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ۔انہوں نے کہا نئے سال میں اگلا معرکہ ’’معرکہ معیشت‘‘ ہوگا جس کا ہدف پاکستان کو معاشی طور پر آزاد اور خودمختار بنانا ہے ۔
ان کا کہنا تھا پاکستان پوری دنیا کے ساتھ قدم بقدم ساتھ کھڑا ہے ، ملکی بقا و سلامتی کراچی کی بقا و سلامتی سے وابستہ ہے ،کراچی کی تعمیر و ترقی سے ہی ملک کا مستقبل جڑا ہوا ہے ۔فاروق ستار نے کہا معیشت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کراچی بچاؤ مہم کا اعلان کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کراچی میں گٹر میں بچے گر کر جاں بحق ہو رہے ہیں، ڈمپر کے حادثات میں نوجوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا ہے ، کراچی کو وہ کردار دینا ہوگا جو ہمیشہ تعمیر و ترقی میں اس کا رہا ہے ،کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے ، کراچی میں اسٹریٹ کرائم سمیت کئی مسائل ہیں،جن کے حل کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے ملیں گے ۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ، کوٹہ سسٹم تعلیم کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے ، سب کے سامنے کراچی کے مسائل اور کل جماعتی سیمینار رکھیں گے ، کراچی میں جو کسر رہ جاتی ہے وہ ای چالان کے بھاری جرمانوں نے پوری کردی ہے ، جعلی ڈومیسائل کا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ اس مہم کے ذریعے سب کو کراچی کی اہمیت کا احساس دلانا ہے ، قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور سینیٹ کے اسپیکرز سے بھی رابطہ کریں گے ، 23 اگست 2016ء کی پریس کانفرنس دیکھ لیں اس میں ہماری پالیسی واضح ہے ، ہم نے 23 اگست جو تاریخی فیصلہ کیا تھا کہ یہ ایم کیو ایم پاکستان ہے ، یہ اگر کہیں سے چلے گی تو صرف اور صرف پاکستان سے چلے گی۔
ان کا کہنا تھا نیا سال بہت ساری امیدیں اور توقعات لے کر آیا ہے ، فیلڈ مارشل کہہ چکے کہ معاشی طور پر اب پاکستان کو بہتر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بنی ہے ، ہم نے بانی سے علیحدگی اختیار کی اور اس پر ہم قائم ہیں، اس کے علاوہ جو کچھ ہوا وہ کسی کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے ۔ حیدر عباس رضوی نے کہا ہم کراچی کا مقدمہ ملک کی تمام اسمبلیوں میں رکھیں گے ، کراچی کا انفرااسٹرکچر منصوبہ بندی کے تحت برباد کیا گیا۔