عدالتوں میں بلاتعطل بجلی فراہمی قابلِ ستائش : چیف جسٹس
حکومتی اقدامات سے عدالتوں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا:جسٹس یحییٰ آ فریدی اعلیٰ سطح اجلاس میں ٹیکس مقدمات جلد نمٹانے کیلئے اصلاحاتی حکمت عملی پر غور
اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آ فریدی نے پنجاب بھر میں ضلعی عدالتوں کو بلا تعطل بجلی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کے عزم کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے عدالتی انفراسٹرکچر میں اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ہفتہ کو اجلاس میں بالخصوص ضلعی عدالتوں میں پائیدار اور قابلِ اعتماد توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری فنانس سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی عدالتوں کی سولرائزیشن کیلئے حکومتی فنڈنگ اور پالیسی معاونت پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب بھر کی عدالتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی ۔
چیف جسٹس نے پنجاب حکومت کے فعال کردار اور مضبوط عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجوزہ اقدامات نہ صرف عدالتوں کی فعالیت اور استعداد کار میں اضافہ کریں گے بلکہ پائیداری، ماحولیاتی تحفظ اور طویل المدتی اخراجات میں کمی کا بھی باعث بنیں گے ۔ دریں اثناء چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں ٹیکس کے بڑے مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے اصلاحاتی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں طویل عرصے سے زیر التوا اور بڑی مالیت والے ٹیکس تنازعات کے حل کیلئے مضبوط اور مستقل فریم ورک کی تشکیل پر بات چیت کی گئی ۔