سہیل آفریدی کراچی کی سڑکوں پر،ائیر پورٹ پر حکومتی استقبال :کل جلسے کا اعلان

سہیل  آفریدی  کراچی  کی  سڑکوں  پر،ائیر  پورٹ  پر  حکومتی  استقبال :کل  جلسے  کا  اعلان

سعید غنی نے سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی، ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں انصاف ہاؤس لایا گیا ، مکمل سکیورٹی دینگے :شرجیل حق کے مطابق پیسے ملتے توکے پی زیادہ ترقی کرتا، آپریشن بدمعاشی :میٹ دی پریس سے خطاب ، پیر کو مراد شاہ سے ملاقات طے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سندھ کے تین روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو صوبائی وزیر سعید غنی نے ایئرپورٹ پر ان  کا استقبال کیا اور سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی۔سہیل آفریدی کو ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں انصاف ہاؤس لایا گیا ،دورے کے دوران سہیل آفریدی باغ جناح کا دورہ کریں گے جہاں کل اتوار کو تحریک انصاف کا جلسہ ہو گا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی سندھ آمد پر انہیں مکمل سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔قبل ازیں سہیل آفریدی نے کراچی آنے سے قبل ایک پیغام میں کہا کہ تین روزہ دورے پر سندھ جا رہا ہوں، اتوار کے روز مزار قائد پر جلسہ ہوگا جہاں ہم کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے ۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام بھرپور تیاری کریں اور سٹریٹ موومنٹ میں ساتھ دیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے کونے کونے تک پہنچاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ اتوار ساڑھے 4 بجے کراچی میں مزار قائد پر شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے ۔ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ حق کے مطابق پیسے ملتے تو کے پی دیگر صوبوں سے زیادہ ترقی کر لیتا، کل تاریخی جلسہ کرینگے ۔سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ بڑی تعداد میں عوام استقبال کیلئے آئے ، پریس کلب پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہا پنجاب بھی گیا لیکن وہاں ہمارے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں ہوا، لاہور میں ہم جہاں کھانا کھانے جاتے تھے وہ مارکیٹ بند ہوجاتی تھی، آئین میں کہاں لکھا ہے کہ ایک وزیر اعلیٰ دوسرے صوبے میں سیاست نہیں کرسکتا؟۔وزیراعلیٰ سندھ خیبرپختونخوا آئیں تو ہم عزت و تکریم دینگے ۔

وفاق سے ہمیں ہمارے حصے کے پیسے نہیں دئیے جاتے ، حق کے مطابق پیسے ملتے تو کے پی دیگر صوبوں سے زیادہ ترقی کر لیتا، صرف 17 سیٹیں لینے والے مرکزی حکومت میں بیٹھے ہیں، خیبرپختونخوا سب سے سستی بجلی بنا رہا ہے اور سستی بجلی سے پورے پاکستان کو فائدہ ہورہا ہے ۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ اگرخیبرپختونخوا میں آپریشن ہوا توکھلی بدمعاشی ہوگی۔بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کوبھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، عمران خان کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر کے مطابق سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا صوبائی وزیر ناصر شاہ سے رابطہ ہوا ہے جس کے بعد باضابطہ طور پرجلسے کا اجازت نامہ ملنے کا امکان ہے ۔ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان اہم ملاقات طے پا گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پیرکے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات کریں گے ، یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگی۔ذرائع وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بین الصوبائی امور، باہمی تعاون، ترقیاتی منصوبوں اورموجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال متوقع ہے ۔ دونوں وزرائے اعلیٰ کے درمیان صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اورمشترکہ مسائل کے حل پر بھی گفتگو ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں