کراچی : پی ٹی آئی کو آج باغ جناح میں جلسے کی اجازت : تاخیر سے این او سی ملا گیٹ پر اجتماع کا اعلان

کراچی : پی ٹی آئی کو آج باغ جناح میں جلسے کی اجازت : تاخیر سے این او سی ملا گیٹ پر اجتماع کا اعلان

فوری انتظام نہیں کرسکتے :حلیم عادل، سڑک پر جلسہ نہیں ہوسکتا:ضیالنجار،عوام کی تکلیف پرخاموش نہیں رہینگے :ناصرشاہ حکومت کو نہیں مانتے ، نئے الیکشن کرائے جائیں ،8فروری کو پر امن احتجاج ہوگا:سہیل آفریدی ،حیدرآباد ،جامشورو کادورہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے باغ جناح کراچی میں تاخیر سے جلسے کی اجازت ملنے کے باوجودبعد مزار قائد کے گیٹ کے سامنے جلسے کا اعلان کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی نے شام 5 بجے تک اجازت نامہ کا انتظار کیا لیکن ہمارے پاس الہ دین کا چراغ نہیں کہ رات میں جلسے کے انتظامات کر سکیں،اب مزار قائد کے گیٹ کے سامنے سڑک پر جلسہ کریں گے ۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو پہلے ہی واضح طور پر آگاہ کیا گیا تھا کہ باغ جناح میں جلسے کی اجازت ہے ،سڑک پر جلسے کی بات مناسب طرز عمل نہیں،حکومت باغ جناح میں جلسے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، اگرعوام کو تکلیف پہنچائی تو ہم سے برداشت نہیں ہوگا۔

سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ اتوار کو باغِ جناح گراؤنڈ میں ہوگا، جلسے کیلئے ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے این او سی شرائط کے ساتھ جاری کیا ،جلسے کے دوران قانون و امن کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی، اشتعال انگیز تقاریر، مواد اور فرقہ وارانہ گفتگو کی اجازت نہیں ہوگی، ملک اور ریاستی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت نہیں ہوگی،جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا منتظمین کی ذمہ داری ہے ،پروگرام مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا لازم ہوگا، سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر اجازت منسوخ کرنے کا اختیار ضلعی انتظامیہ کے پاس ہوگا۔اجازت نامہ کے مطابق جلسے کی مکمل ویڈیو ریکارڈنگ اگلے دن حکام کو جمع کرانا ہوگی، پارکنگ دو سو گز دور، داخلی خارجی راستے محدود ہوں گے ،سکیورٹی کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، رضاکاروں کی تعیناتی لازم قرار دی گئی۔

پی ٹی آئی کراچی کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت دینے کے باوجود ہم اس مقام پر جلسہ نہیں کریں گے کیونکہ اب ہم جلسے کی تیاری نہیں کرسکتے ۔ فوزیہ صدیقی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت سندھ اپنی لومڑی والی چالبازیوں سے باز نہیں آئے گی،یہ چاہتے ہی نہیں تھے کہ اجازت دی جائے ، یہ پہلے کہہ دیتے کہ پوچھ کربتائیں گے تو ہمارا وقت ضائع نہیں ہوتا لیکن کل جو عوامی طاقت کراچی میں دیکھ لی، اس سے یہ سب خوفزدہ ہیں ، حکومت سندھ عوامی طاقت سے کانپ رہی ہے ۔وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کو سڑک پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں ، کسی بھی سڑک پر جلسہ ہوگا تو حکومت سخت ایکشن لے گی۔

سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جہاں جلسے کی اجازت دی ہے وہیں کرے ، ہم ابھی تک پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں،حکومت کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے ،سڑکوں پر کسی کو نہیں آنے دینگے ،خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا ،سہیل آفریدی قانون ہاتھ میں نہ لیں ، پرامن رہیں ۔ وفاقی حکومت کے ترجمان برائے سندھ راجہ خلیق الزماں انصاری نے کہا ہے کہ کراچی نے بانی پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا ہے ۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگ جو دہشت گردوں کے سپورٹرز ہوں، انہیں سپورٹ نہیں کیا جانا چاہئے ، تحریک انصاف نے پورے شہر قائد کو یرغمال بنائے رکھا، میں نے فوٹیجز دیکھیں کہیں بھی 500 سے زائد افراد موجود نہیں تھے ، میں نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ سے کہا کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہ دی جائے کیوں کہ کل کو ٹی ٹی پی یا کچے کے ڈاکو بھی جلسے کی اجازت مانگ سکتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ گورنر سندھ مسلم لیگ ن کا ہوگا۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے حیدرآباد ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں آزادی کی لہر دوڑ رہی ہے ، ہم نے وہ جنگ لڑنی ہے جس جنگ کی خاطر عمران خان جیل میں ہے ، ہم نے عدالتوں کواور آئین کو بحال کرنا ہے ،آج ہر حالت میں کراچی میں جلسہ کریں گے ۔ سہیل آفریدی جامشورو اور کوٹری کے دورے پر بھی گئے ۔اس موقع پر ان کا کہناتھاکہ موجودہ حکومت کو نہیں مانتے ، بڑے بڑے انویسٹر پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں ،چاہتے ہیں کہ ملک میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں،8فروری کو پر امن احتجاج ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں