ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری : گورنر پنجاب
ٹریفک قوانین کی پاسداری سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے مال بردار گاڑیاں اوورلوڈنگ سے گریز کریں:سردار سلیم حیدر ، وفد سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے ، مال بردار گاڑیاں اوورلوڈنگ سے گریز کریں، ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنا اورانہیں سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے رہنما ملک شہزاد اعوان کی قیادت میں نمائندہ وفد سے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کے دوران کیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک بھر میں مال بردار گاڑیاں شہروں میں لوگوں کی ضروریات زندگی کی اشیا فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، مال بردار گاڑیاں شہروں میں داخلے کے وقت کی پابندی کریں ،ٹرانسپورٹرز کو چاہئے وہ قانون کے مطابق اپنی گاڑیوں پر سامان لوڈ کریں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہے اوران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹ الائنس کے نمائندوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کروڑوں روپے کا ٹول ٹیکس دے کر حکومت کو ٹیکس دیتے ہیں ،غیر قانونی اور بلا جواز جرمانوں سے ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے گڈزٹرانسپورٹرز کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں مختلف کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹ الائنس کے نمائندے موجود تھے ۔