ڈار کا دورہ سعودی عرب، جدہ میں قونصلیٹ کی عمارت کا افتتاح

ڈار کا دورہ سعودی عرب، جدہ میں قونصلیٹ کی عمارت کا افتتاح

بیرونِ ملک پاکستانیوں کو موثر خدمات کی فراہمی کیلئے پرعزم :نائب وزیراعظم روضہ رسولؐ پر حاضری ، مسجد نبوی میں نوافل ادا ، امت کی خوشحالی کیلئے دعا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے جدہ میں پاکستان کے قونصلیٹ کی نئی عمارت (چانسیری )کا افتتاح کر دیا۔ اسحاق ڈار او آئی سی کے وزرا خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔سعودی عرب پہنچنے پر اسحاق ڈار نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐپر حاضری دی اور مسجدِ نبوی میں نماز کے ساتھ نوافل بھی ادا کئے ،انہوں نے پاکستان اور مسلم اُمہ کے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے دعا کی۔

قونصلیٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر اسحاق ڈار نے کہاحکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کو موثر قونصلی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ اسحاق ڈار نے نئی عمارت اور سہولیات کا جائزہ لینے کے بعدتمام قونصلری خدمات کی موجودہ عمارت سے نئی عمارت میں منتقلی کی منظوری دی۔ اس موقع پر نئی چانسیری پر پاکستانی پرچم لہرایااور درخت لگائے گئے ۔سعودی عرب کے مغربی خطے میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔ نئی عمارت ان 18 لاکھ پاکستانیوں پر مشتمل کمیونٹی کو بہتر خدمات فراہم کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں