سہیل آفریدی کا بیان شرمناک، دہشتگردوں سے ہمدردی ہے تو افغانستان چلے جائیں : وفاقی وزرا

سہیل آفریدی کا بیان شرمناک، دہشتگردوں سے ہمدردی ہے تو افغانستان چلے جائیں : وفاقی وزرا

11سال سے پی ٹی آئی کے کسی اہم عہدیدارپر حملہ نہیں ہوا،اس نرم رویہ کی کوئی تووجہ ہے :طلال چودھری وزیراعلیٰ پختونخوا نے افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کی:عطا تارڑ، انہیں کیا ثبوت چاہئیں:طارق فضل

اسلام آباد ،کراچی (اے پی پی ،دنیا نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، طلال چودھری اورطارق فضل چودھری نے وزیراعلیٰ پختونخوا کے افغانستان سے متعلق بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ سہیل آفریدی نے افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کی جو انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے ، انہیں کیا ثبوت چاہئیں؟، دہشتگردوں سے اتنی ہمدردی ہے تو افغانستان چلے جائیں۔اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پختونخوا نے ایک بارپھرابہام پیدا کیا اورکہا کہ ہمیں افغانستان کودہشت گردی کے شواہد دینے چاہئیں، کیا آپ کونہیں پتا دہشت گرد کہاں سے آتے ہیں، دنیا کے دودرجن ممالک افغانستان سے دہشت گردی کی تصدیق کر چکے ،11سال سے پی ٹی آئی کے کسی اہم عہدیدارپر حملہ نہیں ہوا،اس نرم رویہ کی کوئی تووجہ ہے ، دہشت گردوں کے خلاف نرم رویہ ناقابل برداشت ہے ، آپ کو بھی وہی اٹھا کرپھینکیں گے جہاں اُن کو پھینکنا ہے ۔طلال چودھری نے کہا کہ ہمارے 1200سے زائد لوگ شہید ہوچکے ،60 سے 70 فیصد واقعات کے پی کے میں ہوئے ، آپ کوکتنا خون چاہیے جس سے آپ کی غیرت جاگے ،وزیراعلیٰ ہو یا عام رہنما، قومی بیانیے کے مخالف کوئی گفتگو برداشت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے آئی بی اے کراچی کے ز یراہتمام مذاکرے سے خطاب ،سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان اور اسلام آباد میں قومی پیغام امن کمیٹی کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی نے گزشتہ روز افغانستان کے ترجمان کے طور پر بات کی جو انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے ، افغانستان کی سر زمین کے دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے استعمال ہونے کے نا قابل تردید شواہد بھی موجود ہیں، سہیل آفریدی نے جھوٹ اور منافقت کی انتہا کر دی ۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انتشار والے جب بھی منہ کھولتے ہیں، دہشت گردوں کی سہولت کاری کرتے ہیں ، سہیل آفریدی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ،قومی پیغام امن کمیٹی کا پشاور کا دورہ نہایت کارآمد ثابت ہوگا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کچہری کے واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے ہینڈلرز کو گرفتار کیا گیا، ان سے برآمد مواد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان کا اسلام سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ،ان عناصر کا واحد مقصد پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے ،یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے عزم کے تحت پوری قوم یکجا ہے اور ہم نے ہر صورت دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے ۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے نہ صرف دہشت گردی کے بیانیہ کو فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے بلکہ فارن فنڈنگ ایجنڈے اور افغانستان کی سرزمین کو بھی استعمال کیا جاتا ہے جنہیں نہ صرف ہم موثر انداز میں کاؤنٹر کریں گے بلکہ ہر پاکستانی شہری کو تحفظ کا احساس بھی دلائیں گے ،اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ بھی ہمارے فرائض میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری امت کا اجماع ہے کہ پاکستان کی ریاست کے خلاف کوئی جہاد نہیں ہو سکتا ،قومی پیغام امن کمیٹی کے سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جا چکا ۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بیان انتہائی افسوسناک ہے ،دوحا،استنبول میں مذاکرات میں افغانستان نے انکارنہیں کیا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی نہیں ہورہی ، کیا وزیراعلیٰ کے پی کو افواج پاکستان کے افسر وں ، جوانوں، سویلین افراد کی شہادتیں نظر نہیں آرہیں ۔ دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہری ملوث نکلتے ہیں ، افغان حکومت یقینی بنائے کہ افغانستان کی سرزمین، پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، دہشت گردی کا گھناؤنا کھیل بند کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں