اسحاق ڈار اور ایران، ازبک وزرا ئے خارجہ کے ٹیلیفونک رابطے
وزیر خارجہ کا سید عباس عراقچی سے باہمی تعلقات ،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ازبکستان سے قریبی رابطہ برقرار رکھنے ،تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار،دنیا نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ایران میں حالیہ پیشرفت، باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تعلقات میں مسلسل گفت و شنید اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقین نے قریبی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنائنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا، دونوں رہنماؤں نے مضبوط اور تیزی سے فروغ پاتے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط میں تسلسل اور رفتار برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور،قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔