پاکستان فارمیسی کونسل 10 سال سے مستقل سیکرٹری سے محروم
900 سے زائد فارمیسی کالجز اور 70 ہزار طلبا کامستقبل خطرے میں پڑ گیا عدالتی حکم پر ہٹائے گئے ڈریپ کے افسر ڈاکٹر اختر کو دوبارہ چارج دیا جا رہا ،ذرائع
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان فارمیسی کونسل دس سال سے مستقل سیکر ٹری سے محروم ہے ، ایک دہا ئی سے اہم عہدہ بیورو کریٹس کو اضافی چارج دے کر چلا جا رہا ہے ، 900 سے زائد فارمیسی کالجز اور 70 ہزار طالب علموں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کے ماتحت فارمیسی کونسل تجربہ گاہ بنی ہوئی ہے جس کا گزشتہ دس سال سے مستقل سیکرٹری ہی نہیں ، کبھی ایک ایڈیشنل سیکرٹری کو چارج دیا جاتا ہے تو کبھی دوسرے کو ، اسی طرح ڈائریکٹر جنرل کی سیٹ پر بھی ایک سال کے اندر تین افسروں کو تعینات کیاجاچکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر سیکرٹری کے عہدے سے ہٹائے گئے ڈریپ کے افسر ڈاکٹر اختر عباس کو دوبارہ چارج دینے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ واضح رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو کونسل کے ڈھانچے کی قانون کے مطابق تنظیم نو کا حکم دیا ہے ۔ ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے بھی گزشتہ سال اگست میں کرپشن کی شکایات موصول ہونے پر پاکستان فارمیسی کونسل سے متعلق تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔