دھند : ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق ، 14 زخمی
موٹر ویزبند ، لاہورایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار، کراچی میں 8 منسوخ جنوبی پنجاب میں 500 کے وی لائنوں کی ٹرپنگ ،آج موسم خشک رہنے کا امکان
لاہور ،اسلام آباد،سرگودھا (نیوز رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں،نمائندگان دنیا) پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں پھر شدید دھند ،اس دوران مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق، 14زخمی ہو گئے ۔دوسری طرف دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے پرموٹر ویزکو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا ، لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر دھند کے باعث متعددپروازیں تاخیر کا شکار،کراچی میں 8منسوخ ہو گئیں۔علاوہ ازیں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک ، پشاور،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی دھند چھائی رہی، لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 4 اور زیادہ سے زیادہ16 سینٹی گریڈرہا جبکہ کراچی میں 6،سکردومیں منفی13، لہہ، استورمنفی11، گوپس منفی 9، گلگت منفی 8، قلات، کالام منفی 6 ، پاراچنارمیں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 3 فیض پور سے جڑانوالہ، موٹروے ایم4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم ، ایم 5ملتان سے ظاہر پیر ، ملتا ن سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی تک بند کی گئی۔ دوسری طرف کراچی ایئرپورٹ پر تکنیکی اور آپریشنل وجوہات کے باعث مختلف ایئرلائنز کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے کہا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں بھی شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔ دوسری طرف دھند کے باعث جنوبی پنجاب میں این ٹی ڈی سی کی 500 کے وی ٹرانسمیشن لائینیں ٹرپ ہوئیں جس سے طلب و رسد میں فرق بڑھ گیااور فورس لوڈشیڈنگ کی گئی۔گزشتہ روز لیسکو کا شارٹ فال 1200 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا،شہر میں 3 سے 4 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی جبکہ دیہی علاقوں میں دورانیہ 5 سے 6 گھنٹے تک پہنچ گیا۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ۔دریں اثنائفیصل آباد میں دھند کی وجہ سے سمندری روڈ جہانگیر موڑ کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے سڑک کنارے کھڑا ڈمپر ڈرائیور 26سالہ غلام محی الدین دم توڑ گیا، رحیم یارخان میں ایف ایف سی چوک کے نزدیک لوڈٹرک آگے جانیوالے ٹرالرسے ٹکرا نے پر ٹرک ڈرائیورمحمدشفیق اورہیلپرپرویزاحمد شدیدزخمی ہوگئے ۔نئی آبادی بستی ہارون آباد میں موٹرسائیکل سوار 20سالہ رشید احمد ٹریکٹرٹرالی سے تصادم میں جبکہ چک اللہ رکھاڈہرکی میں راہگیر 4سالہ بچی تیزرفتارگاڑی تلے آکردم توڑ گئی۔ اوکاڑہ میں پیپلی پہاڑ روڈ پرحادثے میں 20 سالہ زین جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔ ادھر میانی سے بھیرہ جانے والی کار اور بھیرہ سے ملکوال جانے وا لی مسافر کوچ نواحی گاؤں چھنی سیداں کے قریب آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں محمد یوسف ،محمد اشرف اور زبیدہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 10افراد زخمی بھی ہو گئے ۔