آٹو موبیل سیکٹر دوبارہ متحرک، گاڑیاں فروخت میں نمایاں اضافہ
کراچی(محمدحمزہ گیلانی)حکومتی اصلاحات، شرحِ سود میں کمی، نئی ٹیکنالوجی کا استعمال اور آسان آٹو فنانسنگ کی سہولتوں کے باعث پاکستان کا آٹو موبیل سیکٹر دوبارہ حرکت میں آ گیا،
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، پاما رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 35 فیصد اضافہ ہواتاہم ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں 88 ہزار 332 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فروخت ہونے والی 60 ہزار 676 گاڑیوں کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہیں
یہ اعداد و شمار اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آٹو سیکٹر بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے آٹو نمبرز کی تازہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025 میں دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 36 فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران فروخت کا حجم بڑھ کر 1 لاکھ 60 ہزار 408 یونٹس تک پہنچ گیا اسی طرح رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں دو اور تین پہیوں والے یونٹس کی فروخت 33 فیصد اضافے کے ساتھ 9 لاکھ 23 ہزار 759 یونٹس رہی، جو موٹر سائیکل اور رکشہ مارکیٹ میں مضبوط طلب کو ظاہر کرتی ہے ہیوی وہیکلز کے شعبے میں بھی غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔ آٹو ماہرین کے مطابق شرحِ سود میں کمی، آٹو فنانسنگ کی شرائط میں نرمی اور نئی گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت نے صارفین کے اعتماد کو بحال کیا ہے جسکے مثبت اثرات آٹو سیکٹر میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔