سعودیہ میں فیوچر منرلز فورم آج شروع، پاکستان پویلین توجہ کامرکز
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد جسکی قیادت وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کررہے ہیں،13سے15جنوری سعودیہ کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم 2026 میں شرکت کر رہا ہے ،
اس بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی شرکت کا مقصد معدنی وسائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا، عالمی شراکت داری کو فروغ دینا اور معدنی ترقی کے حوالے سے پاکستان کے وژن کو عالمی برادری کے سامنے پیش کرنا ہے ۔ فیوچر منرلز فورم 2026 میں قائم پاکستان پویلین، جسے دی منرل مارول کا نام دیا گیا ہے ، باضابطہ افتتاح سے قبل ہی شرکاء کی توجہ کا مرکز بن گیاسعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف اور نائب وزیر صنعت و معدنی وسائل برائے کان کنی امور انجینئر خالد بن صالح المدیفر نے فورم کی افتتاحی تقریب سے قبل پاکستان پویلین کا خصوصی دورہ کیاجہاں انہوں نے پویلین کے ڈیزائن، ترتیب اور نمائش کو بے حد سراہا
سعودی وزراء نے پاکستان پویلین میں پیش کیے گئے مواد، معدنی شعبے کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی نمائش کی تعریف میں کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے میدان میں نمایاں امکانات رکھتا ہے ۔ سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف نے ایف ایم ایف 2026 میں حکومت پاکستان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور فورم میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کو سراہاسعودی قیادت نے پاکستان کی بھرپور شرکت اور فورم میں کامیاب اور جامع شو پیش کرنے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی مجموعی طور پر 13 کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔