بسنت پر برانڈز کو سپانسرشپ کیلئے باقاعدہ دعوت دی جائے گی
پلاٹینیم، گولڈ اور سلور سپانسر کیٹیگریز متعارف ،شاہراہوں پر تشہیر کی جائے گی کمپنیاں 20جنوری تک کاغذات پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی میں جمع کروا سکیں گے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے ) حکومت نے بسنت کے موقع پر آمدن حاصل کرنے کا بھی باقاعدہ پلان تیار کر لیا گیا ۔ اس سلسلے میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور نے سپانسرشپ کے لیے اظہارِ دلچسپی طلب کر لی ہے ۔ بسنت فیسٹیول دو ہزار چھبیس کے لیے برانڈنگ رائٹس یکم فروری سے پندرہ فروری تک دستیاب ہوں گے ، جبکہ بڑے قومی اور بین الاقوامی برانڈز کو سپانسرشپ کے لیے باقاعدہ دعوت دی جائے گی۔ فیسٹیول کے لیے پلاٹینیم، گولڈ اور سلور سپانسر کیٹیگریز متعارف کروا دی گئی ہیں، تاکہ مختلف سطح کے برانڈز کو شمولیت کا موقع دیا جا سکے۔
بسنت فیسٹیول کے دوران لاہور کی اہم اور مرکزی شاہراہوں پر برانڈنگ اور تشہیر کی اجازت دی جائے گی، جس کے تحت سڑکوں، چوکوں اور نمایاں مقامات کو بسنت تھیم کے مطابق سجایا جائے گا۔ فیسٹیول میں لیزر شو، پروجیکشن میپنگ، آتش بازی اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں کو بھی شامل کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو تفریح کا بھرپور موقع مل سکے ۔ سپانسرز کو فری پبلک ٹرانسپورٹ پر برانڈنگ، فلوٹس کی تیاری اور روڈ ڈیکوریشن جیسے خصوصی مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے ، جس سے برانڈز کو بڑے پیمانے پر تشہیر کا فائدہ حاصل ہوگا۔دلچسپی رکھنے والے ادارے اور کمپنیاں بیس جنوری دو ہزار چھبیس تک اپنے کاغذات پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور میں جمع کروا سکیں گے ۔ بسنت فیسٹیول دو ہزار چھبیس، چھ سے آٹھ فروری تک لاہور میں منعقد کیا جائے گا، جسے شہر کی ثقافتی شناخت کے طور پر دوبارہ اجاگر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔