حکمران ونڈر بوائے کی تلاش میں نکل پڑے ، گوہر

حکمران ونڈر بوائے کی  تلاش میں نکل پڑے ، گوہر

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نیا سال شروع ہو چکا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان کے مسائل وہی پرانے ہیں، سیاست میں کامیابی کے لیے عوام کی آواز سننا ناگزیر ہے۔

حکومت جلد از جلد اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن جاری کرے ، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ ہوم الون کا شکار ہو جائے ،حکمران پہلے خود کو ’’سپر سپیڈ‘‘ حکومت قرار دیتے تھے ، اب ’’ونڈر بوائے ‘‘ کی تلاش میں نکل پڑے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سندھ میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ، جو عوامی جوش و جذبے کی عکاسی کرتا ہے ۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا آخری دن کا رویہ جمہوری سوچ کا عکاس نہیں تھا۔ حکومت کو اپنا بھرم قائم رکھنا چاہیے تھا اور سندھ کی ثقافتی پہچان، ٹوپی اور اجرک، کا خیال رکھنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں کسی نے سیاست کرنی ہے تو اسے عوام کی آواز سننی ہوگی۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے راستے میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، جو جمہوری رویوں کے منافی ہے ۔انہوں نے خیبر پختونخوا کے علاقے تیرہ میں جاری آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں سہیل آفریدی کو عوام کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے تھا؟ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے ، تاہم سہیل آفریدی کا رویہ اور کراچی جانے کا معاملہ ایک منصوبہ بندی کا حصہ دکھائی دیتا ہے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا کسی جماعت کے ساتھ کوئی فکس میچ نہیں، پیپلزپارٹی سے فکس میچ کا سوال بے بنیاد ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں