ٹانک، بکتر بند گاڑی پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار اور راہگیر شہید

ٹانک، بکتر بند گاڑی پر حملہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار اور راہگیر شہید

بکتر بند گاڑی گومل سے ٹانک آ رہی تھی گاڑی مکمل طور پر تباہ ، شہد امیں اسحاق ،شیر عالم،شفیع،حضرت علی ،احسان اللہ ،مجید ڈرائیورشامل اورکزئی میں دہشت گردوں کاحملہ، ا من لشکر کے 2 افراد شہید، 3 حملہ آور ہلاک ، صدر ، وزیر اعظم کا اظہار افسوس ،گورنر نے رپورٹ طلب کر لی

پشاور(نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )ٹانک میں پولیس بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملے میں ایس ایچ او سمیت 6 اہل کار اور ایک راہگیر شہید ہو گئے جبکہ اورکزئی میں ا من لشکر پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے ۔خیبر پختونخوا میں ٹانک کے علاقے گومل میں پولیس کی اے پی سی (بکتر بند گاڑی) پر آئی ڈی بم  حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکا ٹانک کے علاقے کوٹ ولی سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا۔بکتر بند گاڑی گومل سے ٹانک آ رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی بکتربند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہل کار شہید ہو گئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں جہاں سے لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔بکتر بند گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والوں میں اسحاق ایس ایچ او ،اے ایس آئی شیر عالم،شفیع،حضرت علی ،احسان اللہ مجید ڈرائیورشامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ شہدا میں ایک راہگیر بھی شامل ہے دوسری جانب اورکزئی کے علاقے یخ کنڈا میں امن لشکر پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ایس ڈی پی او محبوب خان نے تصدیق کی کہ امن لشکر پر حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ۔ایس ڈی پی او کا کہنا ہے کہ امن لشکر کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد بھی ہلاک ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسز واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں، علاقے کو گھیرے میں لے لیا، سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمہ دار دہشت گردوں کو جلد از جلد ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعظم نے واقعہ میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک پولیس کی بکتر بند گاڑی پر حملہ پر اعلٰی حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔ترجمان گورنر ہا ئوس پشاورکے مطابق افسوسناک واقعہ پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شدیدغم اورغصہ کااظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور صوبہ کے امن کو یقینی بنانے میں عملی اقدامات کرے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے بھی واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اورکہاشہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں