عمران خان اور دہشتگردوں کو معافی نہیں ملے گی : طلال
افغان طالبان اور اس کا سربراہ ٹی ٹی پی کے خلاف فتویٰ کیوں نہیں دیتا؟ آفریدی بیان کی وضاحت خود ہی کرسکتے ہیں:وقاص اکرم ، دنیا مہر بخاری کیساتھ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو پی ٹی آئی دور میں دوبارہ حتمی شکل دی گئی تھی، وہی نیشنل ایکشن پلان ہے جس پر عملدرآمد ہورہا ہے ،اس میں کوئی چیز نئی نہیں ،ان ساری چیزوں پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا تھا۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا ان کی 12سال سے مسلسل پالیسی ہے کہ اسے گو سلو کیا جائے اس جنگ میں، اس میں بیانیہ ایسا بنایا جائے جس کا انہیں سیاسی فائدہ پہنچے ،بدقسمتی سے گنڈا پورپر یہ الزام لگایا گیا کہ آپ نے دہشت گردی کے معاملے پر وفاقی حکومت سے تعاون کیوں کیا؟،افغان طالبان اور اس کا سربراہ ٹی ٹی پی کے خلاف فتوی ٰکیوں نہیں دیتا؟،افغان طالبان کے پیچھے پورا انڈیا کھڑا ہے ، ان کو پیسہ دے رہا ہے ، پاکستان میں امن کیلئے ہرآپشن استعما ل کریں گے ،سہیل آفریدی کو افغانستان سے اتنی محبت ہے تو وہاں چلے جائیں،یہ وزیر اعلی ٰبدلیں یا عمران خان کو بدلیں، یاد رکھیں عمران خان اور دہشتگردوں کو معافی نہیں ملے گی۔ سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ٹی ٹی پی دہشت گرد جماعت ہے اس میں کوئی کنفیوژن نہیں ، کے پی میں ان کے حملوں سے زیادہ نقصان ہوا ہے ، کے پی کے اندر جو وارداتیں ہورہی ہیں ان میں ٹی ٹی پی شامل ہے ،ہماری مائوں، بہنوں پر حملے ہوتے ہیں،پولیس ،ایف سی پر حملے ہورہے ہیں،یہ حملے ٹی ٹی پی کررہی ہے ، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی ہورہی ہے ،یہ میں نے باتیں دس مرتبہ بتائی ہیں،سہیل آفریدی نے کیا بیان دیا اس کا مجھے علم نہیں ، اس کا سیاق وسباق کیا تھا؟،وہ کراچی میں ہیں جب پشاور آئیں گے تو میں ان سے پوچھ لوں گا،سہیل آفریدی نے جو بیان دیا ہے اس کی وضاحت وہ خود ہی کرسکتے ہیں۔