فنڈزکی عدم فراہمی، کاؤنٹر نارکوٹکس فورس میں بھرتی کا عمل تعطل کا شکار
لاہور(خبر نگار)کاؤنٹر نارکوٹکس فورس میں بھرتیوں کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا ۔ پنجاب بھر میں اعلان کردہ بھرتیوں کا دوسرا مرحلہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث تاحال شروع نہ ہو سکا، جس سے ہزاروں امیدواروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے ۔
ذرائع کے مطابق کاؤنٹر نارکوٹکس فورس میں پنجاب بھر کیلئے مجموعی طور پر 2 ہزار 750 اسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا گیا تھا،پہلے مرحلے میں 869 امیدواروں کو بھرتی کیا جا چکا ہے ، تاہم باقی 1 ہزار 881 نشستوں پر بھرتیوں کا عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔یہ بھرتیاں ضلعی سطح پر کی جانی ہیں، لیکن فنڈز جاری نہ ہونے کے باعث دوسرا مرحلہ مؤخر کر دیا گیا ہے ۔امیدواروں کا کہنا کہ طویل تاخیر کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ متعلقہ حکام کے مطابق فنڈز کی فراہمی کے بعد بھرتیوں کا عمل دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔