طیاروں کی فروخت،معاہدوں میں چین شامل ہوگا:وزیر دفاعی پیداوار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے ایک انٹرویو میں بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ مشترکہ طور پر پاکستان اور چین کی جانب سے بنائے گئے لڑاکا طیارے جے ایف17 تھنڈر کی فروخت کے معاہدے پر متعدد ممالک سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔
تاہم اس میں تھوڑا وقت لگتا ہے ۔ (ان طیاروں میں)بہت سارے ممالک کی دلچسپی ہے ،معاہدوں میں چین کی مرضی شامل ہوگی۔رضا حیات ہراج نے کسی بھی ملک کا نام لینے سے اجتناب برتا اور کہایہ محفوظ رکھے جانے والے راز ہیں، میں کسی ملک کا نام نہیں لے سکتا کہ ہمارے ان کے ساتھ مذاکرات کس سطح پر ہیں۔جب یہ (جہاز)جائیں گے تو دنیا کو پتا چلے گا کہ کن کن ممالک نے خریدے ہیں۔رضا حیات ہراج نے کہا اس جہاز کا کچھ حصہ چین میں تیار ہوتا ہے اور کچھ حصہ پاکستان میں تیار ہوتا ہے ۔ جب بھی اگر ہمارا کسی کے ساتھ کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو چین کو اس میں شامل کیا جائے گا۔