راولپنڈی:گیس لیکیج دھماکہ،3خواتین جاں بحق،1ہسپتال منتقل
زینت، خورشید ، زیبا موقع پرچل بسیں،23سالہ نورفاطمہ کی حالت خطرے سے باہر
راولپنڈی (خبر نگار)نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گیس لیکیج دھماکہ کے نتیجے میں تین خواتین جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ایک خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ،اطلاع پر مقامی پولیس حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ،گیس لیکیج کے باعث پیش آنے والے واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،امدادی ادارے کےمطابق مبینہ گیس لیکیج کے باعث تین خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جن میں 60 سالہ زینت، 45 سالہ خورشید اور 70 سالہ زیبا شامل ہیں، جبکہ 23 سالہ نور فاطمہ کو بے ہوشی کی حالت میں زندہ نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امدادفراہم کی گئی، جس کی حالت اب خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے ۔