آئی ٹی سی این ایشیا نمائش 17 جنوری سے شروع ہوگی
لاہور(اے پی پی)پاکستان کی سب سے بڑی اور جدید ٹیکنالوجی و اختراعی نمائش آئی ٹی سی این ایشیا کا 27واں ایڈیشن 17 سے 19 جنوری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوگا۔
نمائش پاکستان کے ڈیجیٹل، اسٹارٹ اپ اور آئی ٹی ایکو سسٹم کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔ نمائش کا انعقاد ای کامرس گیٹ وے پاکستان کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے ۔نمائش میں 800 سے زائد اسٹالز اور 3,500 سے زائد عالمی و مقامی برانڈز کی شرکت کے ساتھ آئی ٹی سی این ایشیا میں 75 ہزار سے زائد شرکا کی آمد متوقع ہے ۔ ان میں 18,500 سے زائد فیصلہ ساز افراد، 850 سے زائد حکومتی و صنعتی رہنما جبکہ امریکہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اٹلی، چین سمیت مختلف ممالک سے 100 سے زائد بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے ، جو پاکستان میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے ۔