خلیجی اتحادیوں نے ٹرمپ کو قائل کرلیا کہ ایرانی حکومت کو ایک موقع دیا جائے، خطے میں سنگین ردعمل کا خدشہ تھا : ایران پر امریکی حملہ ٹل گیا : سعودی حکام
تہران نے فضائی حدودعالمی پروازوں کیلئے کھول دی، انٹرنیٹ سروس بدستور بند، ٹرمپ کے بیانات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی،امریکا کی ایران پر نئی پابندیاں مظاہرین کو پھانسی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا :ایرانی وزیر خارجہ ،ٹرمپ کے دباؤ پر 800 سزائے موت روکدیں:وائٹ ہاؤس،احتجاج کے دوران ریڈ کراس اہلکار،کینیڈین شہری بھی ہلاک
تہران،واشنگٹن،پیرس(نیوز ایجنسیاں،دنیا مانیٹرنگ)ایران پر امریکی حملہ ٹل گیا،صدر ٹرمپ نے ایران پر حملے کا فیصلہ آخری لمحوں میں تبدیل کیا۔ یہ تبدیلی خلیجی ملکوں کی سفارتی کوششوں کے باعث عمل میں آئی۔خلیجی اتحادیوں نے ٹرمپ کو قائل کر لیا کہ ایرانی حکومت کو ایک موقع دیا جائے ، حملے کی صورت میں پورا خطہ شدید دھچکوں کی لپیٹ میں آجائے گا۔ سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیدار نے جمعرات کو خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خلیجی ملکوں کی اس اہم ٹرائیکا نے ایک طویل سفارتی کوشش کی اور صدر ٹرمپ کو قائل کر لیا ہے کہ ایران پر حملہ نہ کیا جائے بلکہ اسے موقع دیا جائے ۔ اگر ایران پر ایک بار پھر جنگ مسلط کی جاتی ہے تو اس سے پورے خطے کیلئے سنگین خطرے اور خرابی کی صورت پیدا ہو سکتی ہے ، اس لیے اچھی اور مثبت سوچ کے ساتھ ایران کو ایک موقع دیا جائے ۔
اعلیٰ سعودی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا ۔ سعودی عہدیدار نے کہا ہے کہ ابھی بات چیت جاری ہے ، یہ کوشش کر کے خطے میں پیدا ہونے والے ناقابل کنٹرول خطرے کو روک دیا ہے ،خطے میں سنگین ردعمل کا خدشہ تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مظاہرین کو پھانسی دینے سے متعلق خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کسی کارروائی کا کوئی منصوبہ موجود نہیں۔امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے عباس عراقچی نے واضح کیا کہ مظاہرین کو پھانسی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، اس حوالے سے پھیلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مظاہرین کو سخت سزائیں دینے کا الزام بے بنیاد مغربی پراپیگنڈا ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ملک میں معاشی مشکلات کے خلاف دس دن تک پرامن احتجاج ہوا، جس کے بعد تین دن تشدد دیکھنے میں آیا، یہ تشدد اسرائیل کی جانب سے منظم کیا گیا، حالیہ مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد کی ہلاکت کے دعوے بے بنیاد ہیں اور ان کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حکام جلد ہی ہلاکتوں کی صحیح تعداد جاری کر دیں گے ۔ عباس عراقچی نے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ایران کسی بھی غیر ملکی خطرے کے خلاف اپنا دفاع کرے گا۔ عراقچی نے خطے کے ممالک کے داخلی امور میں غیر ملکی مداخلت کی عالمی سطح پر مذمت کی اہمیت پر زور دیا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں سکیورٹی اور استحکام کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی۔چین کے اعلیٰ سفارتکار وانگ ای نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی تعلقات میں طاقت یا دھمکی کے استعمال کی مخالفت کا اعادہ کیا۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ای نے کہا کہ چین کسی بھی ملک کی جانب سے دوسرے ملک پر اپنی مرضی مسلط کرنے کے خلاف ہے ۔ادھر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نے صدر ٹرمپ کے دباؤ کے بعد 800 مظاہرین کو دی جانے والی سزائے موت روک دی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو آگاہ کیا گیا کہ جن سزاؤں پر گزشتہ روز عمل ہونا تھا وہ معطل کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مظاہرین کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو سنگین نتائج ہوں گے ۔
ترجمان نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی سمیت تمام آپشنز بدستور میز پر موجود ہیں۔ایرانی عدلیہ نے اعلان کیا ہے کہ عرفان سلطانی کو تاحال سزائے موت نہیں سنائی گئی۔ 10 جنوری کو بدامنی کے دوران عرفان سلطانی کو گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر ملک کی داخلی سلامتی کے خلاف اجتماع، سازش اور حکومت مخالف سرگرمیوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔عدلیہ نے کہا کہ 26 سالہ عرفان سلطانی کو موت کی سزا نہیں دی جائے گی اور اگر سزا دی گئی تو یہ قید ہوگی کیونکہ ان الزامات پر سزائے موت موجود نہیں۔ ایران نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک اور مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کو خط لکھ کر ان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران میں بیرونی مداخلت کی مذمت کی جائے ۔ایرانی وزیر خارجہ عراقچی نے امریکی بیانات کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ادھر امریکا نے ایران کے پانچ اہلکاروں کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں جن پر مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کا الزام ہے ۔
امریکا نے یہ بھی کہا ہے کہ ایرانی رہنماؤں کی طرف سے دنیا بھر کے بینکوں میں اپنا سرمایہ منتقل کرنے پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔امریکی محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں نئی پابندیوں کا اعلان کیا ۔ جن ایرانی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں قومی سلامتی کے سیکرٹری اور پاسداران انقلاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کمانڈرز شامل ہیں۔امریکا نے 18 دیگر افراد پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں جن پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے ۔ امریکی وزیر خزانہ کے مطابق یہ افراد غیر ملکی منڈیوں میں ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل فروخت کر کے بینکاری کے خفیہ نیٹ ورکس کے ذریعے رقوم منتقل کرتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں ایران کے آخری بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی بظاہر اچھے انسان لگتے ہیں، تاہم ٹرمپ نے اس بارے میں غیر یقینی ظاہر کی کہ آیا پہلوی کو ایران کے اندر اتنی حمایت حاصل ہو سکے گی کہ وہ اقتدار سنبھال سکیں۔اوول آفس میں ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ایران کی موجودہ حکومت گِر سکتی ہے ۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے رضا پہلوی کی مکمل حمایت سے ہچکچاہٹ ظاہر کی۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ بہت اچھے لگتے ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم کہ وہ اپنے ملک میں کس طرح قبول کیے جائیں گے ۔ترک وزیرِ خارجہ خاقان فیدان کا کہنا ہے کہ ہم ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے خلاف ہیں۔ ایران میں معاشی بے چینی کو غلط انداز میں بغاوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے ۔ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے ۔امریکی وزیرِ خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایرانی حکومتی اہلکار اپنا پیسہ ملک سے باہر نکال رہے ہیں جیسے کوئی چوہا ڈوبتے جہاز سے بھاگتا ہے ،مختصر مدت میں کروڑوں ڈالر ملک سے باہر منتقل کیے جا چکے ، امریکی حکومت مالیاتی بہاؤ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ان رقوم کی منتقلی امریکی ریگولیٹری اور مالیاتی اداروں کی نگرانی میں ہے ۔ایران نے گزشتہ روز تقریباً پانچ گھنٹوں تک جاری رہنے والی عارضی بندش کے بعد اپنی فضائی حدود بین الاقوامی پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دی ہے ۔ایران میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے باعث انٹرنیٹ سروسز مسلسل ساتویں دن بھی معطل ہیں، جس کے باعث لاکھوں صارفین کے بیرونی دنیا سے آن لائن رابطے منقطع ہیں
۔بین الاقوامی ریڈ کراس نے کہا ہے کہ ایران کے شمال مغربی صوبے گیلان میں ایک ریڈ کریسنٹ اہلکار امیر علی لطیفی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے ۔حکام نے ابھی واقعے کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔کینیڈا نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں احتجاج کے دوران ایک کینیڈین شہری کو ایرانی حکام نے ہلاک کر دیا۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ پرامن مظاہرے کرنے والے ایرانی عوام کی آواز دبانے کے لیے حکومت نے انسانی جانوں کی کوئی پروا نہیں کی۔ اوٹاوا نے متاثرہ شخص کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کر لیا ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل کمی کا شکار ہو گئیں۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 4اعشاریہ 6 فیصد گر کر 59اعشاریہ 18 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ برینٹ نورث سی کروڈ 4اعشاریہ 4 فیصد کمی کے ساتھ 63اعشاریہ 61 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ ٹرمپ کے بیانات ایران پر فوری فوجی کارروائی کے خدشات کم کرنے والے ہیں، جس سے سیاسی خطرے کا پریمیم مارکیٹ سے خارج ہو رہا ہے ۔
پرتگال نے ایران میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر تہران میں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ ایران میں حالیہ ہنگامہ آرائی میں ملوث ایک گروپ کی سرغنہ خاتون نے ایران میں بدنظمی پھیلانے میں تعاون کے لیے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے براہ راست رابطوں کا اعتراف کرلیا ۔ایرانی حکام نے بتایا کہ گرفتار خاتون نے تسلیم کیا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران پہلوی کے حامی سوشل میڈیا نیٹ ورک کے سربراہ اور 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ میں شروع کی گئیں وحشیانہ کارروائیوں کے دوران براہ راست اسرائیل حامی حلقوں سے رابطے میں تھیں۔گرفتار خاتون نے تصدیق کی ہے کہ ان کی کوششوں میں نیتن یاہو کو براہ راست پیغام پہنچانا بھی شامل تھا۔
اسلام آباد(وقائع نگار،کامرس رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایران پرممکنہ امریکی حملے کی صورت میں پاکستان کی فضائی حدود اوراڈے نہ دینے کی پالیسی برقرار رہے گی، پُرامن اور مستحکم ایران پاکستان کے مفاد میں ہے ،25 فیصد ٹیرف کی دھمکی کا معاملہ واشنگٹن کیساتھ باضابطہ طور پر اٹھائیں گے ،ویزا پالیسی پر نظرثانی واشنگٹن کا اندرونی مسئلہ ، امید ہے امریکا جلد پاکستان کیلئے ویزے بحال کرے گا۔ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان اُمید کرتا ہے کہ ایران میں امن و استحکام قائم رہے گا، پاکستان صورتِ حال کے پُرامن حل کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔ اُمید ہے ایرانی حکومت کے اعلان کردہ معاشی امدادی اقدامات عوامی مشکلات کم کریں گے ۔پُرامن اور مستحکم ایران پاکستان کے مفاد میں ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ایران میں پھنسے ہوئے طلبہ کی بڑی تعداد گوادر پہنچ چکی ہے ، بدھ کے روز 54 طلبہ جبکہ اس سے قبل 2 درجن کے قریب طلبہ ایران سے واپس پہنچ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا ایران پرممکنہ امریکی حملے کی صورت میں پاکستان کی فضائی حدود اوراڈے نہ دینے کی پالیسی برقرار رہے گی،پاکستان نے ماضی میں بھی ایران اور امریکا کے جوہری مذاکرات میں اپنا کردار ادا کیا اور اب بھی ان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی صدر کی جانب سے ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان پر پاکستان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا پاک ایران تجارت عالمی تجارتی قوانین کے تحت ہو رہی ہے اور اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں،پاکستان ایران کے ساتھ تجارت کے معاملے پر امریکا سے باضابطہ رابطہ کرے گا۔
خیال رہے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم تین ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے ۔امریکا کی جانب سے پاکستان سمیت 75 ممالک پر ویزا پابندیاں عائد کرنے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا امریکی ویزا پابندیوں سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں۔ اس معاملے پر امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ امریکا اپنی ویزا پالیسی پر نظرِ ثانی کر رہا ہے ۔ یہ ان کا ایک اندرونی مسئلہ ہے ۔ امید ہے امریکا جلد پاکستان کیلئے ویزے بحال کرے گا۔پاکستان کی طرف سے بھارت میں آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی سزا کی سخت مذمت کی گئی، ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سزا ایک اور من گھڑت مقدمے اور غیر منصفانہ ٹرائل کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں، پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیں، بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑی گئی من گھڑت کہانی ہیں۔
بھارتی بیان بازی پرانی، روایتی اور گمراہ کن ہے ، پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات خود بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں، بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہمارے سامنے ہے ۔ افغانستان سمیت خطے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ غیرذمہ دارانہ الزامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان عرب اسلامی ممالک کے گروپ کے ذریعے غزہ امن عمل میں شریک ہے ، غزہ امن عمل کے دوسرے مرحلے کے اعلان کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے آگاہی ملی۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان میں طلبہ کی واپسی کے معاملے پر کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کام کر رہا ہے ، ہم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔