نواز شریف، مریم نواز نے سٹیٹ لائونج علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح کردیا
وزیر اعلیٰ، خواجہ آ صف کا سٹیٹ لاؤنج کا دورہ، ڈی جی نے ایئرپورٹ کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ سے آگاہ کیا ، بریفنگ سرکاری ہسپتالوں میں‘ٹی این کے ’انجکشن کی فری فراہمی ، فالج کے 700 مریض صحت یاب، نئی زندگی ملی:مریضہ
لاہور (سٹاف رپورٹر )مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف،وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سٹیٹ لاؤنج علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کردیا۔ نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نے تعمیر نو کے بعد بننے والے سٹیٹ لاؤنج کا دورہ کیا۔ سیکرٹری ڈیفنس محمد علی نے تقریب کے مہمانان گرامی اور شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے ڈی جی ایئروائس مارشل ذیشان سعیدنے ایئرپورٹ کے اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ سے آگاہ کیا اور تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا کہ راوی لاؤنج، داخلی لابی،مین ہال اور دیگر حصوں کی تعمیر نو کی گئی۔سٹیٹ لاؤنج کو تعمیر نو کے بعد جدت طرازی کے ساتھ نئی اور خوبصورت شکل دی گئی۔وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں سٹروک مینجمنٹ پروگرام فالج کے مریضوں کیلئے صحت مند زندگی کی نویدبن رہا ہے ۔
پنجاب بھر میں ایک سال کے دوران 700 سے زائد مریض فالج کے حملے کے بعد صحت مند ہوئے ۔ لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کی 70 شریفہ بی بی فالج کے خوفناک حملے کے بعد بروقت ہسپتال پہنچنے پر چند گھنٹے میں صحت یاب ہوئیں۔ 70سالہ شریفہ بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو دعائیں دیں۔ ٹھوکر نیازبیگ کی 70 سالہ شریفہ بی بی کوگزشتہ دوپہر کو فالج کا شدید حملہ ہونے پرسروسز ہسپتال لایا گیا۔ فالج کے شدید حملے کے بعد جسم کا دایاں حصہ پوری طرح مفلوج ہوچکا تھا۔ فالج کے حملے کے بعد شریفہ بی بی کی زبان اور ہاتھ کی انگلیاں حرکت کرنے سے قا صر تھیں۔سروسز ہسپتال میں قائم سی ایم سٹروک مینجمنٹ سنٹر میں شریفہ بی بی کا فوری علاج معالجہ شروع کیا گیا۔ صوبائی سٹروک مینجمنٹ سنٹر میں شریفہ بی بی کوفالج کا لوتھڑا توڑنے والی جدید میڈیسن ‘‘ٹی این کے ’’ کا انجکشن لگایا گیا۔مریضوں کو 3 لاکھ مالیت کا‘‘ٹی این کے ’’انجکشن مفت لگایا جارہا ہے ۔
’’ٹی این کے ‘‘ انجکشن لگنے کے بعد شریفہ بی بی چند گھنٹے کے بعد بولنے کے قابل ہوگئیں اور فالج سے متاثرہ اعضا پور ی طرح بحال ہوگئے ۔ بزرگ مریضہ شریفہ بی بی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدام سے نئی زندگی ملی۔ شریفہ بی بی کے بیٹے نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کس منہ سے شکریہ ادا کریں، والدہ کوفالج سے بچاؤ کیلئے انجکشن نہ لگایا جاتا توبقیہ زندگی معذوری کا سامنا کرنا پڑتا۔ لاہور کے سروسز ہسپتال، جنرل ہسپتال، میو ہسپتال، نشتر ہسپتال ملتان اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں سٹروک مینجمنٹ سنٹرز کوپوری طرح فعال کر دیا گیا۔ فالج کا مریض چارگھنٹے کے اندر اگر ہسپتال پہنچ جائے تو نہ صرف زندگی بچ جاتی بلکہ عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکتا ہے ۔