خیبر پختونخوا : فورسز کے آپریشن، 13 خوارج ہلاک، پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام

خیبر پختونخوا : فورسز کے آپریشن، 13 خوارج ہلاک، پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام

بنوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کونشانہ بنایاگیا،8ہلاک ،کرم میں 5مارے گئے ،بنو ں میں چیکنگ پوائنٹ پر دستی بم حملہ ڈی آئی خان میں 2حملہ آور ہلاک ،بلوچستان میں کالعدم بی ایل اے کادھاوا ،جوابی فائرنگ میں 4دہشتگردمارے گئے

راولپنڈی،پشاور کوئٹہ (خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر ،نیوزایجنسیاں)سکیورٹی فورسزنے صوبہ خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ 2آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13دہشت گردوں کو ہلاک کردیاجبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام ہوگیا ،پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔بلوچستان کے علاقے خاران بازار میں سکیورٹی فورسز کالعدم تنظیم بی ایل اے کے 4حملہ آوروں کوہلاک کردیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 جنوری کو خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

بنوں میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مو ثر طور پر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشتگرد ہلاک کر دئیے ، کرم ضلع میں سکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک کیا ۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے رات گئے پولیس چیک پوسٹ کھتی پر حملہ کیا، جس کے بعد پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے 2 خوارج کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کا ایک جوان بھی معمولی زخمی ہوا۔

دریں اثنا بنوں سنٹرل جیل کے چیکنگ پوائنٹ پر موجود پولیس جوانوں پرنامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔کالعدم تنظیم بی ایل اے کے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار 40کے قریب دہشت گردوں نے خاران بازار میں پولیس سٹیشن اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ،سٹی تھانے کے ریکارڈ روم میں آگ لگاید جبکہ گاڑیوں کو بھی جلادیا۔

بعدازاں فائرنگ کرتے ہوئے ایک بینک کو لوٹنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاجبکہ رات گئے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا،فورسز نے دہشت گردوں کا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ عزم و استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں