ایمان مزاری،ہادی کی ضمانت منسوخ ،گرفتاری کاحکم
ملزمان کی عدم پیشی پرعدالت کااظہار برہمی، گواہ پرجرح کاحکم ختم کردیا گواہ کاحلف لیکرجرح کی جائیگی،پراسیکیوٹر،تم حلف لوٹانگیں توڑدونگا،نعیم گجر
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے متنازعہ ٹویٹس کیس میں جرح کا حق ختم کرتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کردی اوردونوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت پیش نہ ہوئے ،معاون وکیل نے ایمان مزاری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ ہادی علی چٹھہ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے ہیں،عدالت نے ملزمان کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ایمان مزاری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو بعد میں دیکھیں گے ،ملزمان کو بتا دیں اگر آج پیش نہ ہوئے تو جرح کا حق ختم کر دیں گے اورسماعت میں وقفہ کر دیا۔
دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ہادی علی چٹھہ عدالت پیش ہوگئے اورکہا ایمان مزاری گواہ شہروز پر خود جرح کرنا چاہتی ہیں،دوران سماعت اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کے صدر چودھری نعیم گجر نے پیر تک التوامانگا توپراسیکیوٹرراناعثمان نے مخالفت کرتے ہوئے کہاعدالت گواہ سے حلف لے اور جرح شروع کرے ،جس پر نعیم گجر ایڈووکیٹ نے کہا تم لے کے دکھاؤ حلف میں دیکھتا ہوں کیسے لیتے ہو،میں بار کا صدر ہوں تمہارے باپ کا نوکر نہیں،تم لو حلف ٹانگیں توڑ کر بجھواؤں گا، نعیم گجر اور پراسیکیوٹر کے درمیان تلخی بڑھنے پر جج افضل مجوکہ اٹھ کر چیمبر میں چلے گئے اور سماعت میں وقفہ کردیا، دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ پیش نہ ہوئے ، پراسیکیوٹر نے کہا عدالت میں آفیسر آف دی کورٹ پر ہاتھ اٹھایا گیا،نعیم گجر بار کا صدر ہے یا غنڈہ ،عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا اورسماعت آج تک ملتوی کردی۔آج ملزمان کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔