خلاف قانون گاڑی چلانے پرمقدمہ درج ہوگا، سندھ ہائیکورٹ
سزا اور جرمانہ بھی اسی کو ہوگا، گاڑی بند کرنے کا حکم بھی دیا جائے گا، ریمارکس قانون پر عمل بھی کرنا ہوگا،ای چالان کیخلاف دائر مختلف درخواستوں کی سماعت
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کے خلاف دائر مختلف درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ قانون کے مطابق گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے لائسنس اور شناختی کارڈ نمبرز ہونا لازمی ہیں ،جو گاڑی چلائے گا سزا اور جرمانہ بھی اسی کو ہوگا۔ سماعت کے دوران ہیوی وہیکلز مالکان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ای چالان کی خلاف ورزی پر گاڑیوں کے مالکان کے شناختی کارڈ بلاک کئے جا رہے ہیں، حالانکہ گاڑی کوئی اور چلا رہا ہوتا ہے ۔ دوران سماعت جسٹس سلیم جیسر نے واضح کیا کہ جو خلاف قانون گاڑی چلائے گا اس کے خلاف مقدمہ درج ہوگا اور گاڑی بند کرنے کا حکم بھی دیا جائے گا۔ قانون بنایا گیا ہے تو سوسائٹی کو اس پر عمل درآمد بھی کرنا ہوگا، شہریوں کو قانون پر عمل کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے اور جس طرح پولیس کا فرض ہے کہ وہ مدد کرے ۔ عدالت نے سندھ حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کی نقول درخواست گزاروں کے وکلا کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔