عمران کو لانیوالے چاہیں گے یہ پھر آئیں : خواجہ آصف

عمران کو لانیوالے چاہیں گے یہ پھر آئیں : خواجہ آصف

9 مئی کو فوجی تنصیبات پر ہونیوالے حملے انہی مقاصد کے حصول کی کوشش تھی باہر بیٹھے نام نہاد پاکستانی طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی :ٹویٹ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے والے اور پاکستان کو گالیاں نکالنے والوں کو پناہ دینے والے چاہیں گے کہ یہ دوبارہ اقتدار میں آئیں، وہ چاہیں گے کہ مملکت خداداد ان کی تابع ہو جائے ، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے انہی مقاصد کے حصول کی ایک کوشش تھی۔خواجہ آصف نے ایران کے موجودہ اور 2023 میں پاکستان کے حالات سے مماثلت کے حوالے سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کی اورلکھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں بھی ہندوستان نے پاکستان پر حملہ کیا تھا لیکن فرق دیکھیں ہم نے راتوں رات ان کے پائلٹ ابھی نندن کو ہاتھ جوڑ کر واپس کر دیا تھا۔مئی 2025 میں جب ہندوستان نے حملہ کیا تو پاکستان نے فتح کی تاریخ رقم کی، دنیا حیرت زدہ رہ گئی کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے کچھ سال قبل انڈین پائلٹ واپس کیا تھا، پارلیمنٹ کو یہ بتایا گیا تھا کہ ہم ہندوستان سے جنگ کا رسک نہیں لے سکتے ۔خواجہ آصف نے لکھا کہ مئی 2025 میں ہماری افواج نے اللہ کی مدد سے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، ہمارے شہیدوں نے وطن کو جاوداں کیا ،الحمدللہ، دشمن آج بھی تاک میں ہے لہٰذا جاگتے رہنا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ باہر بیٹھے نام نہاد پاکستانی پاکستان کو معاشی استحکام سے دور رکھنا چاہتے ہیں اور طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی ہیں، یہ امن کے دشمن وطن عزیز کو محفوظ مستقبل سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں