پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جھگڑے کی نذر ہوگیا

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جھگڑے کی نذر ہوگیا

شاہد خٹک نے سینیٹر زرقا کو باہر نکل جانے کا کہہ دیا، اجلاس میں سخت جملوں کے تبادلہ تلخ کلامی میرے آنے سے پہلے ہو ئی ، سلمان اکرم ، بتایا جائے رکھنا کہ نہیں ، سینیٹر زرقا

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شروع ہوتے ہی جھگڑے کی نذر ہو گیا۔ذرائع کے مطابق شاہد خٹک نے سینیٹر زرقا کو پارلیمانی پارٹی اجلاس سے باہر نکل جانے کا کہہ دیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹر زرقا نے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کے باوجود فیصلہ نہ ہونے پر احتجاج کیا، پارلیمانی پارٹی اجلاس سخت جملوں کے تبادلے کے ساتھ شروع ہوتے ہی ختم کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق ارکان پارلیمنٹ خیبرپختونخوا ہاؤس میں پارلیمانی پارٹی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔

ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا اجلاس نہیں چلا سکتے تو پھر بلایا نہ کریں، پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ نے شاہد خٹک کے رویے پر بانی پی ٹی آئی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کسی نے بیرسٹر گوہر یا میرے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، تلخ کلامی میرے آنے سے پہلے ہو چکی تھی۔سینیٹر زرقا نے کہا کہ اچھا ہوا سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اب پارٹی ہمارے بارے میں فیصلہ تو کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی فیصلہ کرے ہمیں رکھنا ہے یا نہیں، ہمیں کروڑوں کی آفرز ہوئیں جنہیں ہم نے ٹھکرایا۔ شاہد خٹک نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں