500 افسران کی ترقی کیلئے سلیکشن بورڈ اجلاس 3 فروری کوطلب
پاکستان ایڈمنسٹریٹو 250 ، پولیس 100، سیکرٹریٹ گروپ کی 150اسامیاں خالی
اسلام آباد (ایس ایم زمان )اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت تین سروس کیڈر کے افسران کی گریڈ 19کی 500کے قریب اسامیاں خالی ہیں جن پر ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ اجلاس 3 فروری کو بلایا گیا ہے ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ،پاکستان پولیس سروس گروپ اور سیکرٹریٹ سروس گروپ کے کوٹہ کی گریڈ 19 کی 500اسامیاں عرصہ سے خالی ہیں۔ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں میں ڈپٹی سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ایس ایس پی کی اسامیوں کا کوٹہ مختص ہوتا ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ میں گریڈ 19 کی 250 ، پولیس سروس گروپ میں 100 سے زیادہ اور سیکرٹریٹ سروس گروپ کی 150 کے قریب اسامیاں خالی ہیں جن پر مستقل تعیناتیاں کی جا ئیں گی۔ ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ اجلاس گزشتہ ایک سال سے منعقد نہیں ہوا جس کی وجہ سے ا فسروں کی ترقی نہ ہو سکی ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے 10 دسمبر اور 23 دسمبر کو بلائے گئے اجلاس کو ری شیڈول کر تے ہو ئے 3 فروری کو منعقد کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔