پٹرول پمپس، سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ملک گیر مہم شروع

پٹرول پمپس، سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ملک گیر مہم شروع

سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی فروخت کا خاتمہ اور مجاز ڈیلرز کے مفادات کا تحفظ ہوگا پٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل ڈسپنسنگ یونٹس بھی نصب کیے جائیں گے

اسلام آباد (نامہ نگار) حکومت نے پٹرول پمپس اور پٹرولیم سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ملک گیر اصلاحاتی مہم کا آغاز کر دیا جس کا مقصد سمگلنگ کی روک تھام، غیر قانونی فروخت کا خاتمہ اور مجاز ڈیلرز کے مفادات کا تحفظ ہے ۔وزارتِ پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اصلاحات کے تحت پٹرولیم ویلیو چین کے تمام مراحل ، درآمدات، ریفائنریز، نقل و حمل اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک جامع ٹریک اینڈ ٹریس نظام سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ حقیقی وقت میں نگرانی، شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جا سکے۔ اس سلسلے میں اوگرا نے موبائل ایپلی کیشن ‘‘راہگزار’’ متعارف کرائی ہے جو ملک بھر میں قانونی پٹرول پمپس سے متعلق مستند معلومات فراہم کرتی ہے۔

نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اوگرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے ٹینک لاریوں کے لیے متحدہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا گیا ہے جو ای آر پی ڈیٹا، نقل و حرکت، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کی معلومات کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے ۔ آئندہ مرحلے میں پٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل ڈسپنسنگ یونٹس نصب کیے جائیں گے ۔اپ سٹریم شعبے میں 18 سال بعد آف شور بولی کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں 23 ایکسپلوریشن بلاکس کے لیے بولیاں موصول ہوئیں۔ ڈی جی پی سی ڈیجیٹل بولی کے لیے نیا آن لائن پورٹل بھی لانچ کر رہا ہے ۔مزید برآں ایکسپلوزِوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ اور پٹرولیم ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں جن کے تحت سمگلنگ غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ یہ اصلاحات پٹرولیم شعبے میں شفاف، جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کے قیام کی عکاس ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں