مصنوعی ذہانت، روبوٹکس مضامین قومی نصاب میں شامل
این سی سی نے پہلی سے بارہویں جماعت تک کانیا نصاب جاری کر دیا نصاب کا مقصد طلبہ میں خودکار نظام کا علم، ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیتیں پیداکرنا
اسلام آباد(ماہتاب بشیر)وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس)اور روبوٹکس کے مضامین کو پہلی سے بارہویں جماعت تک کے قومی نصاب میں شامل کر لیا ۔سیکر ٹری تعلیم کی ہدایت پر قومی نصاب کونسل (این سی سی) نے ماہر ین کی مدد سے نیا نصاب جاری کر دیا ہے جس کا مقصد طلبا و طالبات میں کمپیوٹیشنل سوچ، خودکار نظاموں کا علم، روبوٹکس ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کے اخلاقی استعمال جیسی صلاحیتیں پیدا کرنا ہے ۔
ساتھ ہی یہ نصاب عملی مسئلہ حل کرنے کی مہارتوں پر بھی مرکوز ہے تاکہ طلبا حقیقی دنیا کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں، یہ نصاب بین الاقوامی معیارات اور قومی ترجیحات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے ۔ وزارت کے مطابق اس نصاب کو متعلقہ تمام سٹیک ہولڈرز تک پہنچایا جائے گا تاکہ ملک بھر میں اس کے نفاذ کے لیے آگاہی، اساتذہ کی صلاحیتوں کی تعمیر اور مرحلہ وار عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ، حکام کا کہنا ہے کہ یہ نصاب نئی نسل کو نہ صرف آج بلکہ آنے والے کل کے دنیاوی چیلنجز کے لیے بھی بااختیار بنائے گا۔