تیراہ آپریشن پر اعتماد میں نہیں لیاگیا:سہیل آفریدی

تیراہ آپریشن پر اعتماد میں نہیں لیاگیا:سہیل آفریدی

پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں متاثرین کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑینگے ، دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں:خطاب

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ میں آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر زور زبردستی کے ذریعے شروع کیا گیا۔سہیل آفریدی کی زیر صدارت ضلع خیبر کے مشران اور عمائدین کا جرگہ ہوا جس میں ضلع خیبر میں امن و امان کی صورتحال اور تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ قومی مشران نے امن کی بحالی اور تیراہ متاثرین کی باعزت نقل مکانی سے متعلق تجاویز اور آرا پیش کیں۔

وزیر اعلیٰ نے تیراہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت تیراہ متاثرین کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی، تیراہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتیں اور مکاتب فکر اس بات پر متفق ہیں کہ ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں، ہم دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہم امن پسند لوگ ہیں اور امن کی بحالی چاہتے ہیں۔بند کمروں کے فیصلے اگر تیراہ پر نافذ کیے گئے تو وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے ، اگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا تو قوم کو اعتماد میں لے کر اتفاق رائے سے کام ہوتا مگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے کیے جا رہے ہیں، زور زبردستی اور بدمعاشی کے ذریعے آپریشن شروع کیا گیا۔

وہ مائنڈ سیٹ جو 75 سال سے ہمارے خلاف بنا ہے ، ہمارے وجود کو تسلیم نہیں کرتا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوتے ہی میرے خلاف گمراہ کن اور منفی پراپیگنڈا شروع کیا گیا، ایک منتخب وزیر اعلیٰ کے خلاف پراپیگنڈا کرنا افسوسناک طرز عمل ہے ، عوامی حمایت سے اپنے خلاف ہر منفی بیانیے کو شکست دی۔ملک کے دفاع کے لیے صف اول میں کھڑے ہوں گے ، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، میری قوم پر مشکل وقت آیا ہے تو میں چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑا ہوں، عمران خان نے عوام کو اتنا شعور دیا ہے کہ وہ حقیقت اور منافقت میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں